آزادکشمیر کے انتخابات نے پاکستان کی سیاست کا رُخ متعین کر دیا ہے، چوہدری محمد برجیس طاہر

مخالف سیاسی جماعتوں میں بھونچال اور تبدیلیاں آزادکشمیر انتخابات میں بدترین شکست کانتیجہ ہیں،مخالفین کو سیاسی بقا کے لیے دھرنے اوراحتجاج کی سیاست کو ترک کرکے عوام کی خدمت کو اپنی سیاست کاخاصہ ہی بنانا ہوگا وفاقی وزیر امور کشمیر

جمعہ 29 جولائی 2016 18:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے انتخابات کے نتائج نے پاکستان کی سیاست پر دور رس اثرات مرتب کیے ہیں اور ان انتخابات نے پاکستان کی مستقبل کی سیاست کے رُخ کابھی تعین کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مخالف سیاسی جماعتوں کی آزادکشمیر الیکشن میں شکست کے بعد ایک بھونچال کی سی کیفیت ہے یہاں تک کہ ایک سیاسی جماعت نے نہ صرف آزادکشمیر کی اپنی قیادت کو ہٹا دیا ہے بلکہ صوبہ سندھ کے وزیر اعلیٰ کو بھی عہدہ سے ہٹا کر نئے وزیر اعلیٰ لے آئیں ہیں جب کہ تحریک انصاف نے اپنی سیاسی بقاء کے لیے ایک 13نکاتی ایجنڈے کا شوشہ چھوڑ ا ہے۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ محض دکھاوے کے اقدامات کو چھوڑ کر ان سیاسی جماعتوں کو اپنی سیاسی بقا کے لیے اپنی سیاست کے انداز کو بدلنا ہوگا اور محمدنواز شریف جیسے وژن کو اپنا نا ہوگا ، کرپشن کی جگہ شفافیت کو لانا ہوگا اور دھرنا اورمحض احتجاج کی سیاست کو ترک کر کے صرف اور صرف عوام کی خدمت کو اپنی سیاست کا سب سے اہم جز بنا نا ہوگا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ بدترین شکست سے دوچار ہونے والی سیاسی جماعتیں اگر اپنا خود احتساب کریں تو آئندہ وہ ایسی برُی شکست سے بچ سکتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پانچ سال تک پیپلز پارٹی کی آزاد کشمیر میں حکومت نے کشمیری عوام کی خدمت کرنے کے بجائے صرف اور صرف اپنی اندرون ملک و بیرون ملک پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی خدمت میں لگی رہی اور آزادکشمیر کے وسائل کو بدقسمتی سے بڑی بے دردی سے استعمال کیا گیا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں گڈ گورننس کو یقینی بناتے ہوئے تمام اُمور حکومت میں میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت میں لاگو کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ قدرت نے آزادکشمیر کو بے پناہ وسائل سے مالا مال کر رکھا ہے جن کا بہتر استعمال کر کے آزادکشمیر کو معاشی طور پر مستحکم کیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :