پنجاب حکومت کے تعلیمی فنڈ سے لاکھوں ہونہار بچے اور بچیاں اپنی تعلیمی پیاس بجھا رہی ہیں‘ تعلیمی فنڈ کے وظائف کے ذریعے کوئی ڈاکٹر بن رہا ہے تو کوئی انجینئر اور کوئی بینکر اور ماہر اقتصادیات بن کر ملک و قوم کی خدمت کر رہا ہے

مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ کا بیان

جمعہ 29 جولائی 2016 18:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے تعلیمی فنڈ سے لاکھوں ہونہار بچے اور بچیاں اپنی تعلیمی پیاس بجھا رہی ہیں- تعلیمی فنڈ کے وظائف کے ذریعے کوئی ڈاکٹر بن رہا ہے تو کوئی انجینئر اور کوئی بینکر اور ماہر اقتصادیات بن کر ملک و قوم کی خدمت کر رہا ہے- پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پروگراموں کے ذریعے بھی غریب خاندانوں کے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے- انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے صوبے بھر کے ہائی سکولوں میں آئی ٹی لیبز قائم کی گئی ہیں جبکہ لاکھوں لیپ ٹاپ طلبا و طالبات میں تقسیم کئے گئے ہیں- انہوں نے کہا کہ ماضی کے پنجاب کے حکمران نے 40 کروڑ روپے کا سیکرٹ فنڈ قائم کیا- کوئی نہیں جانتا کہ یہ فنڈ کہاں خرچ کیا گیا- اسی طرح ترقیاتی منصوبوں کے نام پر لوٹ مار کی گئی- قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لینے کیلئے احتساب کا کڑا نظام ضروری ہے- انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ٹیکسٹائل کی برآمدات پاکستان کی کل برآمدات سے زیادہ ہیں- سری لنکا، بنگلہ دیش، بھارت، ملائشیا، ترکی، اردن، مصر اور دیگر کئی ممالک تعلیمی لحاظ سے ہم آگے نکل چکے ہیں- انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں پر رونے دھونے کی بجائے ماضی سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے اور شبانہ روز محنت سے اپنی منزل حاصل کرنا ہے- انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا قومی منصوبہ حقیقت بن چکا ہے اور یہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے- سی پیک کے تحت پاکستان بھر میں توانائی کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں