ٹیوٹا ایک سال کے دوران16ہزار بیروزگار نوجوانوں کو سکیورٹی گارڈ کورس میں مفت تربیت فراہم کرے گی‘عرفان شیخ

مفت ٹریننگ کورس کا آغاز آئندہ ماہ صوبہ پنجاب کے 15شہروں میں کیا جا رہا ہے‘ ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں جائزہ کار اجلاس سے خطاب

جمعہ 29 جولائی 2016 18:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) ایک سال کے دوران16ہزار بیروزگار نوجوانوں کو سکیورٹی گارڈ کورس میں مفت تربیت فراہم کرے گی۔مفت ٹریننگ کورس کا آغاز آئندہ ماہ صوبہ پنجاب کے 15شہروں میں کیا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکیورٹی گارڈ کورس شروع کرنے کیلئے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں جائزہ کار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ ،عامر عزیز، اظہر اقبال شاد اور دیگر بھی موجود تھے۔چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ٹیوٹا اور محکمہ داخلہ کو سکیورٹی ایجنسیوں کو ماہر سکیورٹی سٹاف کی فراہمی کیلئے ہدایات جاری کی تھیں۔

(جاری ہے)

ٹیوٹا نے محکمہ داخلہ، پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122،ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کی معاونت سے کورس کے آغاز کیلئے تیار ی کر لی ہے۔

یہ کورس لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم، راوالپنڈی، اٹک، شیخوپورہ، فیصل آباد، میانوالی، ساہیوال، ملتان، سرگودھا، بہاولپور،ڈیرہ غازی خان اور رحیم یار خان میں واقع20ٹیوٹا اداروں میں شروع کیا جا رہا ہے۔ٹیوٹا اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کورس پاس کرنے والے نوجوانوں کو مشترکہ سرٹیفکیٹ جاری کرینگے۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کو اس شعبہ میں تربیت حاصل کرنی چاہیے کیونکہ اس وقت نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر اور خصوصی عرب ممالک کو تربیت یافتہ سکیورٹی گارڈز کی اشد ضرورت ہے۔

اس وقت بہت سے معروف ملٹی نیشنل ادارے ٹیوٹا سے ماہر سکیورٹی گارڈ ز کی دستیابی کیلئے مطالبہ کر رہے ہیں۔ نوجوان اس کورس پاس کرنے کے بعد یقینا پاکستان اور بیرون ملک روزگار حاصل کر لیں گے۔اس اقدام سے نہ صرف صوبہ میں جرائم میں کمی بلکہ دہشت گردی کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :