لیبر ویلفیئر کمپلیکس واربرٹن کا 95فیصد تعمیراتی کام مکمل،جلدافتتاح ہو گا‘راجہ اشفاق سرور

کمپلیکس میں208فلیٹس ،لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے دو ہائی سکولز،کمیونٹی ہال،مسجداور دیگر سہولیات شامل ہیں

جمعہ 29 جولائی 2016 18:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب محنت کشوں اور مزدوروں کے لئے جدید رہائشی سہولیات سے آراستہ منصوبوں کو تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچا رہی ہے، ضلع ننکانہ صاحب میں تقریباً ایک ارب روپے کی لاگت سے مزدوروں کے لئے 208فلیٹس پرمشتمل لیبر ویلفیئر کمپلیکس وار برٹن کا 95فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے جس کا افتتاح عنقریب کر دیا جائے گا ۔

پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت صنعتی مزدوروں و محنت کشوں کے لئے جاری رہائشی و ترقیاتی منصوبوں کاجائزہ لیتے ہوئے راجہ اشفاق سرور نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں میں معیار اور شفافیت پر ہر گز کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ شاہد زمان لک نے بتا یا کہ شیر بنگال لیبر کالونی میں 185.46ملین روپے کی لاگت سے 1500طلبا ء و طالبات کے لئے 50کلاس روم ، کمپیوٹر لیب ، لا ئبریری ، آرٹ روم اور پلے گراؤنڈ سمیت دیگر تعلیمی سہولیات پر مشتمل ورکرز ویلفیئر پرائمری سکول بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔

ڈائریکٹر ورکس محمد مظہر نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے محنت کش طبقے کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کے پیش نظر 3017.847ملین روپے کی لاگت سے ورکرز ویلفیئر کمپلیکس ملتان کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے جہاں 992کثیر المنزلہ فلیٹس ، 2ہائی سکول ، کمیونٹی ہال ، مسجد و دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ 46.781 ملین روپے کی لاگت سے 200طالبات کے لئے 5کلاس روم ، لیبارٹری اور دیگر سہولیات پر مشتمل ورکر ز ویلفیئر گرلز سکول ڈنڈوت کی توسیع کا 90فیصد کام بھی مکمل ہو چکا ہے ۔

راجہ اشفاق سرور نے ترقیاتی منصوبوں میں کام کی رفتار پر اطمیناں کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدیت کی کہ مزدوروں کے لئے زیر تعمیر لیبر کالونیوں میں پینے کے صاف پانی ، نکاسی آب اور بجلی سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔