وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت مری میں پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس

وزراء کی کاکردگی کا جائزہ لیا گیا،حکومت نے آئندہ 22مہینوں کیلئے منصوبہ بندی کی اور ایجنڈا بھی مرتب کیاہے،اجلاس میں پاناما لیکس ایشوسمیت ملک کی موجودہ سیاسی اور امن وامان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،ذرائع۔۔ پاک چائنا اکنامک کوریڈور منصوبے کی تعمیر کی خود نگرانی کروں گا،ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے کام کی رفتارتیزکی جائے۔نواز شریف کااجلاس سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 29 جولائی 2016 18:30

وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت مری میں پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس

مری(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جولائی2016ء) :وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرصدارت مری میں پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا،جس میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں سمیت وفاقی وزراء نے بھی شرکت کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی صدارت میں7گھنٹے پر محیط طویل اجلاس ہوا،جس میں وزراء کی کاکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے اجلاس میں آئندہ 22مہینوں کیلئے منصوبہ بندی کرتے ہوئے ایجنڈا بنایا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پاناما لیکس سمیت ملک کی موجودہ سیاسی اور امن وامان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے وزراء کی کاکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک چائنا اکنامک کوریڈور منصوبے کی تعمیر کی خود نگرانی کروں گا۔اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کی تقدیر بدل دے گا۔انہوں نے وزراء کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے کام کی رفتار تیز کی جائے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018ء سے قبل تمام ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے چاہئیں۔