مسئلہ کشمیر ٹرننگ پوائنٹ ہے ،حکمران ڈٹ جائیں اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں‘عالم اسلام اورانصاف پسند دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو جائے گی،طیب اردگان نے ترکی کی تاریخ کا روشن باب لکھ دیا، خلافت عثمانیہ کی یاد تازہ کر دی ،پاکستانی حکمران بھی مظلوم مسلمانوں کی مدد کیلئے جرات کا مظاہرہ کریں گے تو عوام انکے ساتھ ہو گی،تحریک آزادی کے خلاف بھارتی پروپیگنڈہ حقائق کو نہیں چھپا سکتا

امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کاجمعہ کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 29 جولائی 2016 17:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ ٹرننگ پوائنٹ ہے ،حکمران ڈٹ جائیں اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں‘عالم اسلام اورانصاف پسند دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو جائے گی ،طیب اردگان نے ترکی کی تاریخ کا روشن باب لکھ دیا اور خلافت عثمانیہ کی یاد تازہ کر دی۔

پاکستانی حکمران بھی مظلوم مسلمانوں کی مدد کیلئے جرات کا مظاہرہ کریں گے تو عوام انکے ساتھ ہو گی۔کشمیریوں نے قربانیوں کی حد کر دی۔ہم نے پاکستان میں منظم تحریک چلانی ہے ۔ڈکٹیشن کے بغیر جس دن پاکستان چلے گا کشمیر آزاد ہو جائے گا ۔تحریک آزادی کے خلاف بھارتی پروپیگنڈہ حقائق کو نہیں چھپا سکتا۔جماعۃ الدعوۃ کشمیریوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

(جاری ہے)

امت مسلمہ کے تمام مسائل کا حل دین اسلام پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز قباآئی ایٹ مرکز میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ہزارو ں مردوخواتین نے انکی امامت میں نماز جمعہ ادا کی۔اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق میں بولے گا تو کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔

نواز شریف نے مظفر آباد میں کہا کشمیر بنے گا پاکستان،کشمیریوں کے حقوق کے لئے آوازبلند کرنے سے بیرونی قوتیں پریشان ہیں۔بھارت و امریکہ مظلوم کشمیریوں کیلئے اٹھنے والی ہر آوا ز کو دبادینا چاہتے ہیں ۔مقبوضہ کشمیر میں اس وقت شدید غذائی قلت ہے۔کشمیر اسوقت کا سب سے بڑا مسئلہ اور ٹرننگ پوائنٹ ہے۔کشمیریوں نے ظلم کے خلاف کھڑا ہونے کے لئے کردار ادا کیا۔

بھارتی فوج نے وہاں ایسا اسلحہ استعمال کیا جو جنگلی جانوروں کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ۔ آج کشمیر میں مسلمانوں پربھی وہ اسلحہ استعمال کیا گیامگرکوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ مسئلہ کشمیر حل ہونے سے برصغیر کے بڑے مسئلے حل ہوں گے۔ہمیں ہر طرح سے کشمیر ی بھائیوں کی مدد کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ جس حالت میں ہے ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اس کو تحریک کی شکل دیں۔

ملک بھر میں اس مسئلہ کو اٹھائیں۔تاجر تنظیمیں ،صنعتکار پروگرام کروائیں،وکلاء،ڈاکٹر،انجینئر معاشرے کا ہر فرد اس مسئلہ کو اٹھائے،پورے پاکستان کو کشمیر کے ساتھ کھڑ ا کرنے سے شاید حکمرانوں کو حوصلہ ملے اور بھارت و امریکہ کے سامنے کھڑے ہو کر وہ یہ کہہ سکیں کہ کشمیری سڑکوں پر ہیں تو پاکستانی بھی سڑکوں پر ہیں۔منظم عوامی شکل میں تحریک چلے گی تو حکمرانوں اور ڈومور کی رٹ لگانے والوں پر بھی اثر ہو گا اور انکے راستے رکیں گے۔

یہ خاموش رہنے اور بیٹھنے کا وقت نہیں بلکہ زبردست عوامی تحریک کھڑی کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ چند دن قبل اسلام آباد میں ڈاکٹر آئے اور انڈین سفارتخانے میں درخواست دی کہ انہیں ویزہ دیا جائے وہ میڈیکل ٹیمیں اور ا دویات لے کر جانا چاہتے ہیں۔آج وکلاء نے احتجاج کیا۔یہ کسی پارٹی کا نہیں بلکہ سب مسلمانوں کے کرنے کا کام ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکی نے اپنی تاریخ کا روشن باب لکھ دیا ہے۔

اردگان کی جرات سے عوام نے جرأت کی اور نقشہ بدل گیا۔اردگان نے ثابت کر دیا کہ ہم اسلام پرکھڑے ہو رہے ہیں۔انہوں نے مسلم حکمرانوں کو پیغام دیا کہ جرات سے بات کرو۔اگر پاکستان کے حکمران جرات کریں تو پاکستان کے عوام ترکی سے بھی زیادہ جرات کے ساتھ دشمنوں کے مقابلہ میں کھڑیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امریکی سفیر وائسرائے بن کر بیٹھتا اورڈکٹیشن دیتا ہے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ کرسیوں نے سیاستدانوں کو اندھا کر دیا۔حکمران اردگان کی طرح جرات کریں اور جان کیری و راجناتھ جیسے لہوگوں کو واضح پیغام دیں کہ ہم آزادملک ہیں اور کسی کی ڈکٹیشن پر نہیں چل سکتے۔اگر حکمران کھری بات کریں تو پاکستان غلامیوں سے آزاد ہو گا ۔ کشمیر پر کھڑے ہو جائیں تو سارا عالم اسلام پاکستان کے ساتھ کھڑا ہو گا۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ بھارت میڈیا کے ذریعے پروپیگنڈا کر کے کشمیر کی تحریک کو دہشت گردی قرار دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

ہم مظلوم کشمیریوں کے حق میں بولتے ہیں تو ہمیں بھی دہشت گرد قرار دیا جاتا ہے ۔ بیرونی قوتوں نے اس وقت دنیا میں یہ حکمت عملی اپنا رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ غاصب بھارت کا ہاتھ نہ روکا گیا تو اس ظلم میں ہم بھی برابر کے شریک ہوں گے۔وزیر اعظم نواز شریف اورچوہدری نثار راجناتھ کو اپنی بات نہیں نبی اکرمؐ کا فرمان سنائیں کہ مسلمان کی مدد کا طریقہ کیا ہے۔

ظالم کا ہاتھ روکو اور مظلوم کی مدد کرو۔ہم مظلوم بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔راجناتھ کو یہ جواب دے دو گے توپاکستان کی پوزیشن مضبوط ہو گی۔کوئی جنگ نہیں ہو گی۔سارک کانفرنس میں ممبئی،پٹھان کوٹ کا نام لے کر پاکستان نہ آنے کا کہا جاتا تھا لیکن اب کشمیریوں کی تحریک کہ وجہ سے راجناتھ اسلام آباد آرہا ہے۔اب ڈٹ جانے کا وقت ہے۔کشمیریوں نے قربانی کی حد کر دی ہے۔

اب کسی مصلحت پسندی کا مظاہرہ نہیں ہونا چاہیے۔مضبوط پاکستان صرف کشمیر کی آزادی کا ضامن نہیں بلکہ انڈیا میں بسنے ولے بیس کروڑ مسلمانوں کی آزادی کابھی ضامن ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ امریکا افغانستان سے شکست کھا چکا ہے،وسائل ،قوت نہ ہونے کے باوجود افغانیوں نے روس ،امریکہ ،نیٹو کو شکست دی۔پاکستانی حکمران بھی جرات کر کے بیرونی قوتوں کھرا کھرا جواب دیں اورڈومور کا سلسلہ بند کریں۔

حکمران جان کیری کو بتائیں کہ قائد اعظم نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔کشمیریوں کے ظلم و ستم ،حقوق انسانی کے مسئلے کو لے کر کھڑے ہو جائیں عالم اسلام،انصاف پسند دنیا ساتھ کھڑی ہو جائے گی۔اﷲ کامیابی سے نوازے گا۔انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں پاکستان،ترکی،مصر اورسعودی عرب سمیت اسلامی ممالک کے خلاف اکٹھی ہو چکی ہیں۔کشمیر میں مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔گائے کے ذبیحہ پر مسلمانوں کو ذبح کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا سب سے بڑا مسئلہ اس وقت غلامی ہے۔پوری امت آج ان غلامیوں کی سزا بھگت رہی ہے۔ اسے ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔