نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واپڈا میں بطور جونیئرانجینئر بھی کام کیا

مراد علی شاہ کے والدسیدعبداللہ شاہ مرحوم سابق وزیراعلیٰ سندھ رہ چکے ہیں،مراد علی نے 2002ء میں انتخابی حلقہ 73جامشوروسے الیکشن جیت کر سیاست کا آغاز کیا،2016ء میں وزیرخزانہ سندھ رہے،پیپلزپارٹی نے کراچی اور سندھ کے مسائل حل کرنے کیلئے قائم علی شاہ کو عہدے سے ہٹا کرمراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ سندھ منتخب کیا ہے۔رپورٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 29 جولائی 2016 17:51

نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واپڈا میں بطور جونیئرانجینئر ..

کراچی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جولائی2016ء) :پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سید مراد علی شاہ 88ووٹوں کی بھاری اکثریت کے ساتھ وزیراعلیٰ سندھ منتخب ہوچکے ہیں،الیکشن میں مراد علی شاہ کو اپنی پارٹی اور سیاسی جماعتوں کی بھرپور سپورٹ حاصل رہی ،جبکہ مراد علی کے مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوار خرم شیر زمان صرف 3ووٹ لینے میں کامیاب ہوسکے۔تفصیلات کے مطابق نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا تعلق سندھ کے سیاسی گھرانے سے ہے۔

مراد علی شاہ 11اگست 1962ء میں کراچی میں پیدا ہوئے۔جامعہ ای این ڈی سے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی جبکہ کیلیفورنیااسٹینفورڈ یونیورسٹی سے ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی۔مراد علی شاہ نے 1990ء میں پورٹ قاسم میں بطور ایگزیکٹو انجینئر کام کیا۔

(جاری ہے)

فش ہاربر اتھارٹی کے ڈائریکٹر بھی رہے۔1986-89ء واپڈا میں بطور جونیئر انجینئر کام کیا۔مراد علی شاہ نے 2002ء میں انتخابی حلقہ 73جامشوروسے الیکشن جیت کرباقاعدہ سیاست کا آغاز کیا۔

2002ء تا2007ء رکن سندھ اسمبلی ہوئے۔ مراد علی شاہ کے والد سیدعبداللہ شاہ مرحوم 1993-96ء وزیراعلیٰ سندھ رہ چکے ہیں۔مراد علی2013ء کے عام انتخابات میں نااہل ہوئے جبکہ نومبر2014ء میں ضمنی انتخاب میں کامیاب ہوئے۔مراد علی شاہ2016ء میں وزیرخزانہ سندھ رہے۔لیکن پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے کراچی اور سندھ کے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو عہدے سے ہٹا کرمراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ سندھ منتخب کیا ہے۔اب وقت بتائے گا کہ مراد علی شاہ کس قدر اپنی پارٹی اور صوبے کے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔