مادر ملت فاطمہ جناح کا 123واں یوم پیدائش (کل) انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائیگا

جمعہ 29 جولائی 2016 17:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء) مادر ملت فاطمہ جناح کا 123واں یوم پیدائش کل ( ہفتہ ) کو ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائیگا ۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی بہن فاطمہ جناح 30جولائی 1893ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے 1922ء میں کلکتہ یونیورسٹی سے دندان سازی کی تعلیم مکمل کی اور پھر قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے شانہ بشانہ تحریک پاکستان میں شامل ہو گئیں اور خواتین میں سیاسی شعور بیدار کرنے کے لئے مختلف شہروں میں تعلیمی مراکز قائم کئے۔

آپ نے 1947ء میں دہلی کو الوداع کہہ کر کراچی میں مستقل سکونت اختیار کر لی۔فاطمہ جناح نے پاکستان کی سیاست میں بھی اہم کردار ادا کیا، 1947ء سے پہلے ان کا تعلق آل انڈیا مسلم لیگ سے رہا لیکن اس کے بعد وہ پاکستان مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے عملی سیاست میں سرگرم رہیں۔

(جاری ہے)

1965ء میں متحدہ حزب اختلاف کے پلیٹ فارم سے جنرل ایوب خان کے مقابلے میں پر اتریں اور ملک میں جمہوریت کے قیام کے لئے جرات مندانہ قدم سے اپنا نام ملکی تاریخ میں سنہرے حروف سے درج کرایا۔محترمہ فاطمہ جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں تقاریب اور پروگرام کا اہتمام کیا جائیگا جس میں ان کی پاکستان کے لئے جدوجہد پر انھیں خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور اور ان کی لا زوال خدمت پر روشنی ڈالی جائے گی۔