دعوة اکیڈمی کے آئمہ و خطبا تربیتی پروگرام میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والا تین رکنی وفد عمرہ کی ادائیگی کے بعد واپس اسلام آباد پہنچ گیا

جمعہ 29 جولائی 2016 17:45

اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جولائی ۔2016ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی دعوة اکیڈمی کے زیراہتمام منعقدہ 89 ویں تربیتی پروگرام برائے آئمہ و خطبا میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے شرکاء پر مشتمل تین رکنی وفد عمرہ کی ادائیگی کے بعد واپس اسلام آباد پہنچ گیا۔ وفد کے اعزاز میں دعوة اکیڈمی کی جانب سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے شرکاء میں محمد نصیر (آزاد جموں و کشمیر)، عبدالواسع (بلوچستان) اور سندھ سے تعلق رکھنے والے اسد اللہ شامل تھے جبکہ اس کورس میں ملک بھر کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں آئمہ و خطباء نے شرکت کی تھی۔ تقریب میں اکیڈمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل حسن سمیت دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر سہیل حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ تربیتی کورس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے آئمہ کے لیے عمرہ کی سعادت کا موقع پہلی بار فراہم کیا گیا اور اکیڈمی مستقبل میں اسے جاری رکھنے پر غور کر رہی ہے۔

انہوں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آئمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ کورس میں سیکھے گئے تجربات کو معاشرے میں عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ڈائریکٹر دعوة اکیڈمی نے آئمہ پر زور دیا کیا وہ اسلام کے پیغام امن کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچائیں۔ اس موقع پر عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے آئمہ نے بھی اظہار خیال کیا ۔ انہوں نے عمرہ کی سعادت کا موقع دینے پر دعوة اکیڈمی اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :