بھارتی ہائی کمیشن پاکستانی تاجروں کو سہولیات دے اور ویزا سے متعلق مسائل حل کرے‘الماس حیدر

بھارتی وزیراعظم سارک ارکین ممالک کے ساتھ تجارت کا فروغ چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں اقدامات اٹھائے جارہے ہیں‘بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر

جمعہ 29 جولائی 2016 17:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء ) پاکستان اور بھارت سارک کے اہم اراکین ہیں اور خطے میں امن و امان قائم رکھنے کی بنیادی ذمہ داری ان ہی پر عائد ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ سے لاہور چیمبر میں ملاقات میں کہی۔

لاہور چیمبر کے سابق نائب صدر آفتاب احمد وہرہ، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین میاں عبدالرزاق، رضوان اختر شمسی، طارق محمود، طارق محمود، حاجی محمد اکرم، سابق ایگزیکٹو کمیٹی اراکین ذیشان خلیل اور رحمت اﷲ جاوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ الماس حیدر نے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان کئی معاملات حل طلب ہیں لیکن دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان روابط کا فروغ ان کے حل میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تجارت اور سیاست کو الگ رہنا چاہیے ، تاجر امن کے سفیر ہوتے ہیں، بھارتی ہائی کمیشن پاکستانی تاجروں کو سہولیات دے اور ویزا سے متعلق مسائل حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2014ء میں دوطرفہ تجارت کا حجم 2.5ارب ڈالر کے لگ بھگ تھا جو سال 2015ء میں کم ہوکر دو ارب ڈالر سے بھی کچھ کم ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان سے درآمدات میں اضافہ کرنا چاہیے تاکہ تجارت کا توازن برقرار رہے۔

لاہور چیمبرکے نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ باہمی تجارت کے فروغ میں دونوں ممالک کا نجی شعبہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا بڑا حصہ دبئی اور سنگاپور کے ذریعے ہورہا ہے، اگر یہ تجارت براہِ راست ہو تو دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم سارک ارکین ممالک کے ساتھ تجارت کا فروغ چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈین ویزا ریجیم کو کشادگی دی جارہی ہے اور تاجروں کے لیے ویزاکے اجراء کا عمل تیز کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :