مارکیٹ میں نادار مریضوں کیلئے زندگی بچانے والی ضروری ادویات کی مفت دستیابی کو یقینی بنائیں، ڈرگ رجسٹریشن بورڈ کی میڈیسن فرموں کو ہدایت

جمعہ 29 جولائی 2016 17:24

اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جولائی ۔2016ء) ڈرگ رجسٹریشن بورڈ نے میڈیسن فرموں کو ہدایت کی ہے کہ مارکیٹ میں نادار مریضوں کیلئے زندگی بچانے والی ضروری ادویات کی مفت دستیابی کو یقینی بنائیں۔ جمعہ کو ڈرگ رجسٹریشن بورڈ کا 261 واں اجلاس یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ادویہ ساز کمپنیوں اور درآمد کنندگان کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ مارکیٹ میں زندگی بچانے والی ضروری ادویات کی ترسیل میں کمی نہیں آنی چاہئے۔

وزیر برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے ہدایت کی کہ بورڈ کے فیصلہ پر فوری اور من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ بورڈ کے اجلاس میں مارکیٹ میں تپ دق سمیت زندگی بچانے والی اور ضروری ادویات کی سپلائی میں کمی یا کم دستیابی سے متعلق صورتحال کا مفصل جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ ادویہ تیار اور برآمد کنندگان اور رجسٹریشن کی حامل کمپنیوں کو ہدایت کی جائے کہ وہ اپنی مذکورہ ادویات کی ترسیل سے متعلق سہ ماہی بنیادوں پر رپورٹ پیش کریں اور ادویہ کا سیل ریکارڈ بھی فارماسیوٹیکل رجسٹریشن ڈویژن اور کوالٹی ایشورنس ڈویژن کو سات دن کے اندر اندر فراہم کیا جائے اور یہ بھی ہدایت کی گئی کہ ہر سہ ماہی کی تکمیل کے بعد سات دن کے اندر اندر رپورٹ پیش کئے جانے کو مستقل معمول بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) اور وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ کوآرڈینیشن وفاقی اداروں اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے خلاف ورزی کے مرتکب بلیک میں ادویات فروخت کرنے والوں اور صورتحال کو خراب کرنے کیلئے غلط اطلاعات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کرے گی۔