تجاوزات، رانگ پارکنگ کیخلاف کریک ڈاؤن میں ابتک6163مقدمات درج کئے گئے،سی ٹی او

جمعہ 29 جولائی 2016 17:16

لاہور۔29 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جولائی ۔2016ء )چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے اور ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے شہر بھر میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے ،وارڈنزموسمی حالات کی پرواہ کئے بغیرمحنت اور لگن سے ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جو قابل تحسین ہے۔

سی ٹی او کی ہدایت پرڈویژنل ایس پیز کی نگرانی میں گزشتہ روز بھی تجاوزات ، رانگ پارکنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہااور ابتک6163افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے جا چکے ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے سرکل افسران کو کریک ڈاؤن کو مزید موثر بنانے کیلئے احکامات جاری کئے ۔انہوں نے کہا کہ تمام سیکٹر انچارجز اپنے اپنے علاقوں میں سکواڈ بنا کر کارروائی کرتے ہوئے ڈی ایس پیز کی نگرانی میں کارکردگی رپورٹ روزانہ دفتر ارسال کریں، سی ٹی او نے ڈی ایس پیز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ رش کے اوقات میں خود سڑکوں پر موجود رہیں،پٹرولنگ آفیسر زاور پوائنٹس ڈیوٹی کرنے والے اہلکار محنت اورذمہ داری سے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کارلاتے ہوئے ڈیوٹی کریں،انہوں نے سیکٹر انچارجز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکل افسران کی سپرویژن میں تاجر تنظیموں کے عہدیداران سے رابطہ رکھتے ہوئے رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں،علاوہ ازیں تجاوزات کے مرتکب افراد کو نوٹس دیں کہ وہ رضاکارانہ طور پر فوری تجاوزات ختم کردیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھیں۔