سندھ کے نئے وزیراعلیٰ قانون کی بالادستی اور امن وامان کی صورتحال بہتر بنائیں ، رشوت اورکمیشن کو ختم کرکے اداروں کو مضبوط بنایا جائے

جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 29 جولائی 2016 16:38

اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جولائی۔2016ء) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سندھ کے نئے وزیراعلیٰ قانون کی بالادستی اور امن وامان کی صورتحال بہتر بنائیں اور رشوت اورکمیشن کو ختم کرکے اداروں کو مضبوط بنائیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کے نئے وزیراعلیٰ کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں ، ان کا پہلا کام قانون کی بالادستی ، امن وامان کی صورتحال کو بہتر اور صوبہ میں رشوت اور کمیشن کو ختم کرکے اداروں کو مضبوط بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں وڈیرہ شاہی ہے وہاں ڈپٹی کمشنر اور ضلعی پولیس افسران کی بات تک نہیں سنی جاتی ، نئے وزیراعلیٰ سے درخواست ہے کہ وہ قانون و انصاف پرحکومت قائم کرکے مثال قائم کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اراکین اور سینیٹ کے ممبران عوامی نمائندے ہیں ، پی اے سی کی قائمہ کمیٹی میں سینیٹرز کی شمولیت سے وزارتوں کے صاف وشفاف آڈٹ کو یقینی بنایا جائے گا اور اس سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی اہمیت اور بھی بڑھ جائے گی۔