کراچی آپریشن جاری رکھنے کیلئے رینجرز کے اختیارات میں اضافہ کیا جائے ، ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی متاثر ہوگا

جمعیت علمائے اسلام (ف)کے رہنما سینیٹر حافظ حمد اللہ کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 29 جولائی 2016 16:18

اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جولائی۔2016ء) جمعیت علمائے اسلام (ف)کے رہنما سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ کراچی میں آپریشن جاری رکھنے کیلئے رینجرز کے اختیارات میں اضافہ کیا جائے تاکہ جرائم پیشہ لوگ فائدہ نہ اٹھا سکیں، ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی متاثر ہوگا ۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) حکومت کی اتحادی جماعت ہے لیکن جہاں کہیں بھی حکومت سے غلطی ہوتی ہے تو ہم نے بطورجماعت اس حوالے سے حکومت کو ضروری آگاہ کیا ۔

ادویات کی قیمتوں کا جہاں تک تعلق ہے حکومت کو نوٹس لیکر ادوایات کو پرانی قیمتوں پر لانی چاہیں ۔اس اضافہ سے عام آدمی متاثر ہوگا، غریب مریض کی قوت خرید ادویات میں اضافے کے باعث جو اب دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کو جاری رکھنا چاہئے۔ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہے اگر امن و امان کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو تجارتی و کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونگی ۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے کراچی آپریشن پر اتفاق کیا تھا اس تناظر میں رینجرز کے اختیارات میں اضافہ کیاجائے تاکہ جرائم پیشہ لوگ فائدہ نہ اٹھا سکیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے شہر دمام میں پاکستانی قید ہیں ۔ حکومت اور وزارت خارجہ کو ان کو ملک واپس لانے کیلئے کام کرنا چاہئیے اس طرح انڈونیشیاء میں سزائے موت پانے والے پاکستانی کی سزا پر میڈیا نے مثبت کردار ادا کیا ، اس حوالے سے انڈونیشیاء میں پاکستانی سفیر مبارکباد کے مستحق ہیں۔