جائیداد کی خرید و فروخت میں فراڈ میں ملوث ملزم کی درخواست ضمانت خارج

جمعہ 29 جولائی 2016 16:17

اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جولائی۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے جائیداد کی خرید و فروخت میں کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی ۔جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کی تاہم عدالت میں پیش نہ ہونے کے باعث ملزم کو گرفتار نہ کیا جا سکا ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار خرم محمود کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے ان کے موکل ڈاکٹر زبیر سے1کروڑ 30لاکھ روپے کا فراڈ کیا ، ملزم اشتہاری ہے اور پہلے بھی کئی مرتبہ عدالت سے راہ فرار اختیار کر چکا ہے، ملزم عادی مجرم ، فراڈ کے مختلف مقدمات میں نامزد اور اشتہاری بھی ہے، ملزم کے وکیل نے سماعت کے موقع پر عدالت کو بتایا کہ ملزم کے والد ہسپتال میں داخل ہیں اس لئے عدالت میں پیش نہیں ہو سکے ہیں۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔