اوگرا کی درخواست پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سمیت تمام فریقین سے جواب طلب،سماعت 3 اگست تک ملتوی

جمعہ 29 جولائی 2016 16:17

اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جولائی۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان آئل رولز 2016پرحکم امتناعی کے خلاف اوگرا کی درخواست پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں ،او سی اے سی سمیت تمام فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 3 اگست تک ملتوی کر دی ۔جمعہ کو عدالت عالیہ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے سماعت کرتے ہوئے پاکستان آئل رولز 2016کے خلاف حکم امتناعی برقرار رکھتے ہوئے سماعت 3اگست تک ملتوی کر دی ۔

آئل کمپنیوں نے پاکستان آئل رولز 2016 کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

پانچ آئل ریفائنری، 13آئل مارکیٹنگ اور 1آئل ٹرانسپورٹیشن کمپنی نے پاکستان آئل رولز 2016کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ نئے رولز کے تحت 90 دن میں دوبارہ لائسنس حاصل کرنے کا کہا گیا ہے،اوگرا کی جانب سے 3 فروری 2016 کو 90 دنوں میں دوبارہ لائسنس حاصل کرنے کانوٹس ملا ہے،سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر بنائے گئے رولز کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ،نئے رولز کے تحت آئل کمپنیوں کو 20لاکھ روپے فیس ادا کر کے دوبارہ لائسنس حاصل کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ، لائسنس 15 سے 30 سال کی مدت کے لیے ہو گا جس کی تجدید کے وقت دوبارہ فیس ادا کرنا ہو گی،مجموعی فروخت پر اعشاریہ005 فی صد سالانہ فیس بھی ادا کرنا ہو گی۔