مراکش کے چڑیا گھر میں ہاتھی نے پتھر مار کر 7سالہ لڑکی کو ہلاک کر دیا

جمعہ 29 جولائی 2016 15:06

رباط(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء) مراکش کے ایک چڑیا گھر میں ہاتھی نے پتھر مار کر لڑکی کو ہلاک کر دیا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق مراکش کے ایک چڑیا گھر میں ہاتھی کی جانب سے پھینکا جانے والا پتھر لگنے سے ایک سات سالہ لڑکی ہلاک ہوگئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت رباط کے چڑیا گھر میں ہاتھی نے اپنے احاطے میں پڑا ایک پتھر اٹھا کر لڑکی کی جانب پھینکا۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ پتھر لگنے سے لڑکی زخمی ہو گئی اور بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گئی۔چڑیا گھر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پتھر چڑیا گھر کی سیر کو آنے والے افراد اور ہاتھی کے احاطے کو تقسیم کرنے والے جنگلے اور کھائی کو عبور کرتا ہوا لڑکی کو جا لگا۔بیان کے مطابق لڑکی کو زخمی حالت میں ہسپتال میں منتقل کیا گیا اور وہاں چند گھنٹوں بعد ان کی موت واقع ہو گئی۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چڑیا گھر میں بین الاقوامی حفاظتی معیار ہے اور یہ حادثہ غیر معمولی، انوکھا اور غیر متوقع نوعیت کا ہے۔

متعلقہ عنوان :