ایم اے داخلوں کیلئے ایچ ای سی کی طرف سے این ٹی ایس کی شرط ضروری نہیں

وزیر مملکت قومی صحت سائرہ افضل تارڑکاسینٹ اجلاس میں توجہ دلاوٴ نوٹس کاجواب

جمعہ 29 جولائی 2016 15:02

ایم اے داخلوں کیلئے ایچ ای سی کی طرف سے این ٹی ایس کی شرط ضروری نہیں

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء )سینٹ کو حکومت کی طرف سے آگاہ کیا گیا ہے کہ ایم اے کے داخلوں کے لئے ایچ ای سی کی طرف سے این ٹی ایس کی شرط ضروری نہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر سسی پلیجو کے توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت قومی صحت سائرہ افضل تارڑنے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ایچ ای سی کی طرف سے این ٹی ایس کی شرط ضروری نہیں‘ یونیورسٹیاں خود امتحان لے سکتی ہیں‘ ایچ ای سی نیشنل ٹیسٹنگ کونسل بنانے جارہا ہے۔

ماسٹرز کے لئے امتحان ہونا چاہیے۔ دنیا بھر میں ایسا ہوتا ہے۔ داخلہ کے لئے ٹیسٹ ضروری ہے خواہ یونیورسٹی خود لے یا کوئی اور ادارہ‘ یہ درست نہیں کہ داخلہ لینے کے بعد ڈگری دینے سے قبل اس امتحان کی شرط لگا دی جاتی ہے۔ اگر کہیں ایسا ہو رہا ہے تو اس کی نشاندہی کی جائے۔ قبل ازیں سینیٹر سسی پلیجو نے ایچ ای سی کی طرف سے ماسٹر ڈگریوں میں داخلہ لینے والے طلباء کے لئے این ٹی ایس امتحان دینا لازمی قرار دینے کی جانب وزیر کی توجہ مبذول کرانے کا نوٹس پیش کیا۔