چیئرمین سینیٹ وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ایوان میں عدم موجودگی پر برہم ، اجلاس آدھے گھنٹے کیلئے ملتوی

جمعہ 29 جولائی 2016 14:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جولائی ۔2016ء) سینٹ کے اجلاس میں الیکٹرانک جرائم کی روک تھام بل پیش کیے جانے کے موقع پروزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشنز کی ایوان میں عدم موجودگی پر چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے اظہار برہمی کرتے ہوئے اجلاس آدھے گھنٹے کے لئے ملتوی کردیا۔ انہوں نے حکومت کو وزراء کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ اس طرح اجلاس نہیں چلایا جاسکتا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران وقفہ سوالات مقررہ ایک گھنٹے کے وقت سے قبل ہی اختتام پذیر ہوگیا اور ایجنڈے میں شامل دیگر امور بھی نمٹائے گئے۔ ایوان بالا میں الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کا بل زیر غور لایا جانا تھا لیکن وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان ایوان میں موجود نہیں تھیں جس پر چیئرمین نے قائد ایوان سے استفسار کیا کہ وزیر مملکت کہاں ہیں تو انہوں نے بتایا کہ ایجنڈے کی باقی کارروائی مکمل کرلی جائے تب تک وہ آجائیں گی۔ چیئرمین نے اس دوران آدھے گھنٹے کے لئے اجلاس ملتوی کردیا۔

متعلقہ عنوان :