چیئرمین سینٹ سینیٹر میاں رضا ربانی نے سینیٹر عتیق شیخ کی انسانی سمگلنگ سے متعلق تحریک التواء بحث کے لئے منظور کرلی

جمعہ 29 جولائی 2016 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء) چیئرمین سینٹ سینیٹر میاں رضا ربانی نے سینیٹر عتیق شیخ کی انسانی سمگلنگ سے متعلق تحریک التواء بحث کے لئے منظور کرلی۔جمعہ کو اجلاس کے دوران سینیٹر عتیق شیخ کی انسانی سمگلروں کی مدد سے پاکستانی شہریوں کی جانب سے غیر قانونی سرحد پار کرنے سے متعلق تحریک التواء منظوری کے تعین کیلئے ایجنڈے پر تھی انہوں نے اپنی تحریک کی منظوری کے لئے دلائل دیئے جنہیں چیئرمین نے قبول کرتے ہوئے تحریک التواء بحث کے لئے منظور کرلی اور کہا کہ وقت کا تعین بعد ازاں کیا جائے گااجلاس کے دور ان قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کی طرف سے تین مختلف معاملات پر کمیٹی کی رپورٹیں پیش کردی گئیں۔

کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے رن ویز کے ڈیزائن میں نقائص سے متعلق اٹھائے گئے معاملے‘ سینیٹر چوہدری تنویر خان کی جانب سے پولی کلینک اور پمز کے امور میں بدانتظامی سے متعلق اٹھائے گئے معاملے اور اسلام آباد کے چڑیا گھر میں جانوروں اور خاص طور پر ہاتھی کی حالت زار سے متعلق اٹھائے گئے معاملات پر کمیٹی کی رپورٹیں ایوان میں پیش کیں۔

(جاری ہے)

سینٹ نے خواتین کو زندہ جلائے جانے کے واقعات اور اس لعنت کو ختم کرنے کے لئے تعزیرات پاکستان کے باب ”خواتین کے خلاف جرائم“ میں احکامات وضع کرنے کے طریقہ کار تجویز کرنے کے حوالے سے فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کی رپورٹ کی منظوری دیدی۔ اجلاس کے دوران فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن سینیٹر نسرین جلیل کی طرف سے سینیٹر جہانزیب جمالدینی نے اس معاملے پر کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔

بعد ازاں انہوں نے یہ رپورٹ زیر غور لانے اور منظور کرنے کی تحریک پیش کی جس کی ایوان نے منظوری دیدی۔چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے بعض منتخب صارفین کو مہینے کے آخری دنوں میں پی ایس او کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی فروخت سے متعلق معاملے پر کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کے لئے مزید مہلت دیدی۔ اجلاس کے دور ان قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل کے چیئرمین کی طرف سے سینیٹر تاج آفریدی نے اس معاملہ پر کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کے لئے مزید 20 ایام کی مہلت طلب کی۔

جس کی چیئرمین نے منظوری دیدی۔ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے انٹرن شپ پروگرام کے تحت انٹرن شپ مکمل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دی ہے۔ اجلاس کے دوران چیئرمین سینٹ نے بتایا کہ انٹرن شپ پروگرام کے تحت طلبا و طالبات کے پہلے بیج نے اپنی انٹرن شپ مکمل کرلی ہے اور وہ آج یہاں گیلریوں میں بیٹھے ہیں۔ سینٹ آف پاکستان ان کی خدمات کو سراہتی ہے۔ ان کو سینٹ کی طرف سے انٹرن شپ مکمل کرنے کے سرٹیفکیٹس بھی دیئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :