پشاور: چارسدہ بس اسٹینڈ کے قریب دھماکا، پولیس اہلکار سمیت تین افراد زخمی

دو کی حالت تشویشناک

جمعہ 29 جولائی 2016 12:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 جولائی۔2016ء) پشاور میں چارسدہ روڈ پر سڑک کے کنارے نصب بارودی مواد کے دھماکے میں ٹریفک پولیس اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہو گئے ، دھماکے میں ڈیڑھ کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق چارسدہ روڈ پر اسٹینڈ کے قریب نصب بارودی مواد میں اچانک زور دار دھماکا ہوا جس میں ٹریفک پولیس اہلکار سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اورامدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔ حادثے کے بعد زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں ڈیڑھ کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔چارسدہ روڈ انتہائی مصروف ترین سڑک ہے جہاں بیشتر وقت ٹریفک کا دباوٴ رہتاہے۔ تاہم صبح کے وقت ٹریفک کم ہونے کی وجہ سے زیادہ نقصان نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوان :