پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تاجر برادری اور سول سوسائٹی انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں ، اسسٹنٹ کمشنر

جمعرات 28 جولائی 2016 23:08

سکھر۔ 28جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 جولائی ۔2016ء) اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر میر محمد نوازنے کہا ہے کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے افراد انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے یوسی سطح پر کم از کم دو افراد رضاکارانہ طور پر مقرر کریں تاکہ پولیو مہم کے سو فیصد نتائج حاصل کیے جاسکیں۔جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر اسمال ٹریڈر ز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن، عبدالستار راجپوت، پرویز چنہ، اعظم خان و دیگر تاجروں کے ہمراہ غریب آباد میں پولیو کے قطرے پلانے سے انکارکرنیوالے والدین کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے دوران علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

شہری پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں تاکہ مستقل کے معماروں کو معذوری سے محفوظ کرتے ہوئے اس موذی مرض سے ہمیشہ کیلئے نجات حاصل کی جاسکی، ۔ اسسٹنٹ کمشنر ایم ایم نواز ، سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کا مزید کہنا تھا کہ پولیو ایک خطرناک وائرس ہے جو بہت تیزی سے پھیلاتا ہوا دیگر بچوں کو بھی اس مرض میں مبتلا کردیتا ہے جس کے باعث بچے ہمیشہ کیلئے معذوری کی زندگی بسر کرتے ہیں، دیگر ممالک میں پولیو کے قطرے پلانے کی فیس بھی ادا کی جاتی ہے جبکہ پاکستان میں پولیو کی ویکسین مفت فراہم کی جاتی ہے اس کے باوجود چند عناصر پولیو مہم کے خلاف بلاوجہ پروپیگنڈا کر کے شہریوں کوورغلا رہے ہیں، شہری ان کی افواہوں پر کان نہ دھریں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ایم ایم نواز نے سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن و دیگر تاجروں کا پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :