ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات کی غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے ٹیمیں تشکیل

ٹیموں کی کارروائی‘لالی ،طوطے اور گھریلو چڑیا کی نیٹنگ کرتے5ملزمان رنگے ہاتھوں پکڑے لیے محکمہ کے افسران قانون کی بالا دستی کیلئے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھیں ‘ڈی جی وائلڈ لائف خالد عیاض

جمعرات 28 جولائی 2016 22:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان کی لاہوراور گوجرانوالہ میں غیر قانونی شکارکی روک تھام کیلئے تشکیل دی گئی، ٹیموں نے دریائے راوی کے پار لالی اورگھریلوچڑیا کی نیٹنگ کرنے پر 2افرادجبکہ گوجرانوالہ میں طوطے پکڑنے والوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ان سے مال مقدمہ برآمد کرکے ملزمان سے 50ہزارروپے محکمانہ معاوضہ وصول کرلیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف لاہور کو خفیہ اطلاع ملی کہ چند لوگ لالی اور گھریلو چڑیوں کی نیٹنگ میں مصروف ہیں جس پر انہوں نے انسپکٹر وائلڈ لائف میاں نذیر احمد اور وائلڈ لائف واچر سیف اﷲ پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جس نے دریائے راوی کے پار چھاپہ مار کر شکار میں مصروف ملزمان امجدعلی عرف کالو و لد برکت علی اور محمد بوٹا ولد نذیر احمد کے قبضے سے 2جال ، ایک سانپ اور دیگر سامان قبضے میں لیکر چالان کردیا ہے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

محکمہ وائلڈ لائف کے حکام مال مقدمہ سمیت آج عدالت پیش ہوں گے او ر ملزمان کے نام سمن جار ی کردیے گئے ہیں ۔ یاد رہے کہ مذکورہ ملزمان کے خلاف پہلے بھی کئی بار غیر قانونی شکار کرنے پر کارروائی کی جا چکی ہے ۔ ڈپٹی ڈائر یکٹر وائلڈ لائف گوجرانوالہ زاہد اقبال بھٹی کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ٹیم نے دفاعی بند نزد نجوال گاؤ ں کے سرحدی علاقے میں چھاپہ مارکر جال لگا کر طوطوں کا شکارکرنے والے 3ملزمان منظور احمد ولد محمود احمد ، ذوالفقار احمد ولد منظور احمد ،عبدالغفور ولد عبدالکریم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان سے 50ہزار روپے بطور محکمانہ معاوضہ وصول کرلیا ہے ۔

ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے کہا ہے کہ غیر قانونی شکاریوں کے خلاف مہم جاری رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ تمام افسران اپنے متعلقہ علاقوں میں قانونی کی بالاد ستی کیلئے غیر قانونی شکاریوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھیں اور فرائض کی انجام دہی میں کسی دشواری کی صورت میں ان سے فوری رابطہ کریں ۔

متعلقہ عنوان :