پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں سینیٹ کو نمائندگی ملناجمہوریت کی فتح ہے ، اس سے آئین کی بالادستی اور وفاق مضبوط ہو گا، کشمیر کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی ،نیشنل سیکیورٹی کمیٹی اور پارلیمانی کمیٹی برائے قانون میں بھی سینیٹ کو نمائندگی دی جائے ، چارٹر آف ڈیموکریسی سے مشترکہ جدوجہد کا آغاز ہوا تھا اور پبلک اکاؤنٹ کمیٹی میں توسیع اس کی ایک کڑی ہے

چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا پارلیمانی کمیٹی میں توسیع کر کے سینیٹرز کی شمولیت پر ارکان سینیٹ، قائد ایوان راجہ ظفر الحق، اعتزاز احسن ، اسحاق ڈار اور وزیراعظم سے اظہار تشکر

جمعرات 28 جولائی 2016 22:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 جولائی ۔2016ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی میں توسیع کر کے سینیٹرز کی شمولیت پر ارکان سینیٹ، قائد ایوان راجہ ظفر الحق، اعتزاز احسن ، اسحاق ڈار اور وزیراعظم نوازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج جمہوریت کی فتح اور مضبوطی کا دن ہے ، اس سے آئین کی بالادستی اور وفاق مضبوط ہو گا، کشمیر کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی ،نیشنل سیکیورٹی کمیٹی اور پارلیمانی کمیٹی برائے قانون میں بھی سینیٹ کو نمائندگی دی جائے ، چارٹر آف ڈیموکریسی سے مشترکہ جدوجہد کا آغاز ہوا تھا اور پبلک اکاؤنٹ کمیٹی میں توسیع اس کی ایک کڑی ہے ۔

وہ جمعرات کو ایوان بالا میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں سینیٹرز کی نمائندگی کے حوالے سے رولز کی ترمیم کے بعد ریمارکس دے رہے تھے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اﷲ کا شکر گزار ہوں سب کی مشترکہ جدوجہد کا میاب ہوئی۔ تمام ارکان سینیٹ کا شکرگزار ہوں جس طرح انہوں نے آئین کی حکمرانی کے لئے پر امن جدوجہد کی۔ سب سینیٹر مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ قائد حزب اختلاف کا شکرگزار ہوں جنہوں نے ہر مرحلے پر ساتھ دیا اور حوصلہ بڑھایا۔

قائد ایوان راجہ ظفر الحق کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہر قدم اور اجلاس میں اور ہر تجویر پر سپورٹ کیا ، حوصلہ دیا اور رہنمائی کی۔ زاہد حامد وزیر قانون کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے اس قراردادا اور ترمیم کو تیار کرنے میں سینیت کی مدد کی اور قرارداد کی مخالفت نہیں کی۔ اسحاق ڈار کا شکر گزار ہوں ان کی مدد کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔ اسحاق ڈار صاحب سے تعلق بہت پرانا ہے ۔

چارٹر آف ڈیموکریسی کے دوران مشترکہ جدوجہد کا آغاز ہوا تھا ۔یہ مشترکہ جدوجہد کی ایک کڑی ہے کیونکہ چارٹر آف ڈیموکریسی پارلیمان کی مضبوطی اور مذاکرات کا نقطہ تھا۔ آج کی کامیابی مذاکرات کے نتیجہ میں یہاں پہنچی۔ آج جمہوریت کی فتح کا دن ہے جمہوریت کی روح مذاکرات اور مسلسل مذاکرات میں ہے ۔ وزیراعظم پاکستان کا شکر گزار ہوں انہوں نے رضا مندی ظاہر کی اور آج رولز کی ترمیم کر کے آدھا سفر مکمل ہو گیا ہے ۔

امید ہے آئندہ نیشنل اسمبلی کے اجلاس میں ضروری رولز میں ترامیم کی جائیں گی ۔ آج کا دن آئین کی بالادستی اور وفاق کی مضبوطی اور جمہوریت کا دن ہے ۔ چیئرمین کشمیر کمٹی نے مطالبہ کیا تھا کہ 8سینیٹرز کشمیر کمیٹی میں شامل کریں ۔ کشمیر پر پارلیمانی کمیٹی کی تجویر پر بھی غور کرنا چاہیے اور نیشنل سیکیورٹی کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی بحال کی جائے اور پارلیمابنی کمیٹی برائے قانون بھی ضروری ہے تا کہ مثبت قوانین تیار کرائے جا سکیں ۔ یہ ایک مثبت قدم ہو گا۔ اب اصل ٹیسٹ سینیٹ کا شروع ہو گا جب ممبرز پبلک اکاؤنٹ کمیٹی میں جائیں گے ۔ا رکان سینیٹ پارٹیوں سے بالا تر ہو کر میرٹ کی بنیاد پر ارکان کو کمیٹی میں بھیجا جائے ۔ تمام اجلاس کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔