بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت سے حواس باختہ ہوکر کشمیریوں کی آواز کو ظلم کے ذریعے روکنے کی کوشش کررہاہے‘حافظ محمد سعید

پاکستانی جھنڈوں میں لپٹی کشمیریوں کی لاشیں عالمی حقوق انسانی کے اداروں کو جھنجوڑ رہی ہیں ،پاکستانی ڈاکٹروں کو ویزے نہ دے کر بھارت نے انسانی حقوق کو پامال کیا ہے، کشمیریوں پر بھارت ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہاہے ،کشمیری قیادت پاکستان کو اپنی امیدوں کا محور سمجھتی ہے ‘امیر جماعۃ الدعوۃ

جمعرات 28 جولائی 2016 21:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء ) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت سے حواس باختہ ہوکر کشمیریوں کی آواز کو ظلم کے ذریعے روکنے کی کوشش کررہاہے،پاکستانی جھنڈوں میں لپٹی کشمیریوں کی لاشیں عالمی حقوق انسانی کے اداروں کو جھنجوڑ رہی ہیں ،پاکستانی ڈاکٹروں کو ویزے نہ دے کر بھارت نے انسانی حقوق کو پامال کیا ہے، کشمیریوں پر بھارت ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہاہے ،کشمیری قیادت پاکستان کو اپنی امیدوں کا محور سمجھتی ہے ، تحریک آزادی کشمیر تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ چکی ہے،بھارت نے کشمیرمیں اپنے ظلم و ستم پرپردہ ڈالنے کے لئے میرے اور جماعۃ الدعوۃ کے خلاف پروپیگنڈہ شروع کررکھا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے جڑانوالہ روڈ پر واقع مقامی ہال میں ـ"یکجہتی کشمیرسیمینار" سے خطا ب کرتے ہو ئے کیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی ، مولانا سیف اﷲ خالد، انجینئر حارث ڈار، جماعۃالدعوۃ فیصل آباد کے مسؤل فیاض احمد ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمیں حافظ عبدالرؤف نے کشمیر کے حوالہ سے ملٹی میڈیا بریفنگ بھی دی۔

سیمینار میں مقامی مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت طلباء ، وکلاء ، تاجروں اوردیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہاکہ آج کشمیریوں کے جذبہ نے ہمیں نظریہ پاکستان پر متحد اور برصغیر کے تمام مسلمانوں کو بیدار کر دیا ہے۔ہمارا کام تحریک آزادی کشمیر کیلئے کھڑے ہوناہے، نصرت اﷲ کی طرف سے آئیگی۔

پاکستانی ڈاکٹر زکشمیریوں کی مدد کیلئے تیار ہیں۔پاکستانی ڈاکٹروں کو ویزے نہ دے کر انڈیا نے اپنا گھناؤنا چہرہ بے نقاب کیا ہے۔کشمیری بچوں کی آنکھیں چھیننے والے انڈین فوجی آج ذ ہنی مریض بن کر خودکشیاں کر رہے ہیں ۔ وہ وقت دور نہیں جب یہی کشمیری ان بھارتیوں کو سڑکوں پر گھسیٹیں گے۔پاکستان کا بچہ بچہ برہان وانی کو اپنا ہیرو مانتا ہے۔

پاکستان کے جھنڈے میں لپٹے شہداء کشمیر کی لاشیں پاکستانیوں کو بتارہی ہیں کہ انکا اصل وطن کونسا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج آسیہ اندرابی کہتی ہیں کہ پاکستان ہی ہماری امیدوں کا محور ہے۔انڈیا نے اپنا ظلم و ستم چھپانے کیلئے میرے اور جماعت الدعوۃ کے خلاف پروپیگنڈہ شروع کر رکھا ہے ۔پاکستانی عوام جانتے ہیں کہ کشمیریوں کے دل میں پاکستان کی کیا قدر ہے۔

اقوام عالم کو متحد ہو کر کشمیریوں کی آزادی کیلئے کوششیں کرنی ہوگی۔کشمیر ی ایک ہو چکے ہیں۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دنیا کے سامنے منفی انداز میں پیش کر رہا ہے۔ اپنے ظلم، قتل اور دہشت گردی کو چھپانے کیلئے پاکستان کیخلاف جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیاجا رہا ہے۔ کشمیری صرف اپنی آزادی ہی نہیں پاکستان کے بھی دفاع اورہمارے پانیوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

حکومت پاکستان کو انڈیا کی دوستی کی پرواہ نہیں کشمیریوں کی نمائندگی کا حق ادا کرنا چاہیے۔ اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر اس مسئلہ کو اٹھانا چاہیے۔امریکہ پاکستان نہیں انڈیا کادوست ہے اور کسی صورت مسئلہ کشمیر کا حل نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہاکہ انڈیا نے اپنے ظلم، قتل اور دہشت گردی کو چھپانے کیلئے یہ حکمت عملی اختیا رکر رکھی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیا جائے۔

وہ تحریک آزادی کشمیر کونقصانات سے دوچار کرنے کیلئے گڑے مردے اکھاڑ کر پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔اس سلسلہ میں ہمارا فرض ہے کہ ہم اصل حقائق دنیا کے سامنے پیش کریں۔دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر عبدالرحمن مکی نے کہا کہ کشمیر کسی ایک جماعت یا پارٹی کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے ۔ کشمیریوں کے جذبہ حریت نے پاکستانی قوم کو نظریہ پاکستان پر متحد کردیا ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کو کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز اٹھانی چاہئے۔جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا سیف اﷲ خالد، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف ، انجینئر حارث ڈار، جماعۃالدعوۃ فیصل آباد کے مسؤل فیاض احمد ودیگر نے کہاکہ کشمیر میں پیلٹ گن جیسے مہلک ہتھیاروں سے سینکڑوں کی تعداد میں کشمیری نوجوان اپنی بینائی سے محروم ہوچکے ہیں ۔پاکستانی ڈاکٹر جذبہ خدمت کے تحت اپنے کشمیری بھائیوں کی مدد کے لئے بالکل تیار ہیں حکومت پاکستان حکومتی سطح پر پاکستانی ڈاکٹرز کو مقبوضہ جموں و کشمیر بھیجنے کی کوشش کرے ۔

متعلقہ عنوان :