بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ہندو انتہاپسندوں کامسلم خواتین پرتشدد کی مذمت

مغربی دنیا کو اب بھارت میں انسانیت سوز مظالم پربے حسی کوختم اور اپنے دہرے معیارات کی پالیسی کوترک کرنا ہوگا ، ڈاکٹر معراج الہدیٰ

جمعرات 28 جولائی 2016 21:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیرڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی نیبھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ہندو انتہاپسندوں کامسلم خواتین پرتشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیر میں میں بھارتی فوج اوربھارت میں ہندوانتہا پسندوں نے مسلمانوں کے لیئے زمین تنگ کردی ہے۔روزانہ معصوم بچوں،بزرگوں وخواتین اسلام کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے جس سے انسانیت شرما جائے، مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے خلاف سراپا احتجاج لوگوں کو منتشرکرنے اورآزادی کی تحریک کو کچلنے نے کے لیئے بھارتی فوج ابتک 60 سے زاید کشمیریوں کو شہیدجبکہ پیلٹ گن جیسے خطرناک ہتھیارسے ان کو نشانہ بنایا جارہاہے۔

یاد رہے کہ پیلٹ گن میں سنگل چھرے کے بجائے کارتوس استعمال ہوتا ہے جس میں گول ، نوکیلے یا بال بیرنگ کی طرح کے چھرے بھرے ہوتے ہیں جب کارتوس فائر ہوتا ہے تو سیکڑوں چھرے ہر طرف پھیل جاتے ہیں اور انسانی کھال کے اوپری حصے میں بھی گھس سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

عام طور پر پیلٹ گن سے سیدھا فائر نہیں کیا جاتا بلکہ فضا میں یا ذرا نیچے کی جانب گن رکھ کے فائر کیا جاتا ہے تا کہ انسان کے سر، چہرے، سینے اور اعضائے رئیسہ کو نقصان نہ پہنچے۔

زیادہ سے زیادہ یہ ہو کہ ٹانگیں زخمی ہو جائیں اور لوگ گھبرا کر منتشر ہو جائیں اس کے باوجود قابض بھارتی فوج آزادی کی تحریک کو دبانے کے لیے پیلٹ گن سے سیدھے سیدھے نشانے لگا رہی ہے۔،اس ساری صورتحال پر مہلک ہتھیاروں کا بہانہ بناکرعراق کو مٹی کاڈھیربنانے والے امریکہ سمیت عالمی امن انسانی حقوق اوربین المذاہب رواداری کو فروغ دینے کا درس دینے والوں کی مجرمانہ خاموشی افسوس ناک ہے۔ صوبائی امیر نے کہا کہ مغربی دنیا کو اب بھارت میں انسانیت سوز مظالم پربے حسی کوختم ،مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک اور اپنے دہرے معیارات کی پالیسی کوترک کرنا ہوگا ورنہ تاریخ انہیں ہرگز معاف نہیں کرے گی۔

متعلقہ عنوان :