پیپلزپارٹی کا پنجاب میں گزشتہ ماہ میں715بچوں کے اغواپر انتہائی تشویش کا اظہار

لاہور کے بادامی باغ سے روزانہ 3بچے اغوا ہو تے ہیں صوبائی حکومت معاملے کو دبانے کیلئے بچوں کے والدین پر دباؤ ڈال رہی ہے، بلاول بھٹوزرداری

جمعرات 28 جولائی 2016 21:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں گذشتہ ماہ کے دوران715بچوں کے اغوا اوربڑی تعداد میں قوم کے ان بچوں کی قسمت کا کوئی علم نہ ہونے پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان بدقسمت اور معصوم بچوں کے اعداد شمار سن کر ایک آدمی کے ذہن میں خوفناک تصویر کشی سامنے آتی ہے، نواز حکومت کی جانب سے اس انسانی سانحے پر خاموشی اور کوئی قدم نہ اٹھانے پر ان کی مذمت کرنی چاہیے،انہوں نے کہا کہ یہ تمام دکھدائک اور المناک رپورٹ یہ ہے کہ صرف لاہور کے بادامی باغ سے روزانہ 3بچے اغوا ہو تے ہیں لیکن صوبائی حکومت معاملے کو دبانے کے لیے ان بچوں کے والدین پر دباؤ ڈال رہی ہے کہ وہ اپنے ان بچوں کو گمشدہ قرار دیں، بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ رپورٹ کے مطابق مغوی بچوں میں سے اکثریت کا تعلق غریب خاندانوں سے ہے، اس لیے یہ مزید باعث تشویش بات ہے کہ کہیں ان بچوں کو دہشتگرد سرگرمیوں میں استعمال نہ کیا جائے یا ان کو برین واش کرکے خودکش بمبارنہ بنایا جائے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ان رپورٹس نے پارٹی کو چونکا دیا ہے اور پارٹی اس خوفناک معاملے کو تمام فورمز پر اٹھائے گی،کیونکہ پیپلزپارٹی بچوں کو قوم کا مستقبل سمجھتی ہے اور تمام خطرات سے ان کا تحفظ ریاست اور معاشرے کی ذمیواری ہے۔

متعلقہ عنوان :