ایاز صادق کے حلقہ انتخاب کی یونین کونسل 172 محمد نگر کے رہائشیوں کا سیوریج کی بندش کیخلاف گندے پانی میں کھڑے ہو کر احتجاجی مظاہرہ

لوگ اپنے گھر فروخت کرنے پرمجبور ہو گئے ہیں،مسئلہ حل نہ کیا گیا تو اسپیکر کی رہائشگاہ کا گھیراؤ کر کے احتجاج ریکارڈ کرائینگے‘ مظاہرین

جمعرات 28 جولائی 2016 20:53

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے حلقہ انتخاب کی یونین کونسل 172 محمد نگر کے رہائشیوں نے سیوریج کی بندش کیخلاف گندے پانی میں کھڑے ہو کر احتجاجی مظاہرہ کیا ،اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اگر سیوریج کا دیرینہ مسئلہ حل نہ کیا گیا تو اسپیکر قومی اسمبلی کی رہائشگاہ کا گھیراؤ کر کے احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 122کی یونین کونسل 172کے علاقہ محمد نگر کے رہائشیوں نے سیوریج کا دیرینہ مسئلہ حل نہ ہونے کے خلاف گندے کھڑے پانی میں کھڑے ہو کر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی ۔ مظاہرین نے محکمہ واسا کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ہوئے سینہ کوبی کی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اپنے حلقہ انتخاب کا دورہ کرنے کا مطالبہ کیا ۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا کہنا تھاکہ موسم گرما ہو سرما یہاں ہر وقت سیوریج کا پانی کھڑا رہتا ہے جسکے باعث اہل علاقہ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ مظاہرین نے بتایا کہ سیوریج کا دیرینہ مسئلہ حل نہ ہونے کے باعث لوگ یہاں سے اپنے گھر فروخت کر کے دوسرے علاقوں میں جارہے ہیں جبکہ مہمان آنے سے پہلے نکاسی آب کے بارے میں پوچھتے ہیں۔ سیوریج کے پانی کے باعث بچے تعلیم کے حصول کیلئے نہیں جا سکتے جبکہ سیوریج کے گندے پانی کی بدبو اور گندگی سے لوگوں کا گھروں میں رہنا محال ہو گیا ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھاکہ اسپیکر سردار ایازصادق کے محکمہ واسا کیلئے نامزد کردہ کوارڈی نیٹرکام کرنے کی بجائے وعدوں پر ٹرخا رہے ہیں جبکہ واسا کا عملہ بھی کوئی بات سننے کو تیار نہیں۔ اگر اس مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے اسپیکر سردار ایاز صادق کی رہائشگاہ کا گھیراؤ کریں گے۔