نئی تعلیمی پالیسی وژن 2025ء سے ہم آہنگ اور سماجی طور پر بچوں کی بہتر ابتدائی تعلیم اور بہتر غذائیت پر مبنی ہوگی ٗمحمد بلیغ الرحمن

ہماری حکومت بچوں کی ابتدائی تعلیم کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ٗوزیرمملکت کا تقریب سے خطاب

جمعرات 28 جولائی 2016 20:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء) وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ نئی تعلیمی پالیسی وژن 2025ء سے ہم آہنگ اور سماجی طور پر بچوں کی بہتر ابتدائی تعلیم اور بہتر غذائیت پر مبنی ہوگی۔ وہ گلگت میں روپانی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کررہے تھے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ بچوں کی عمر کے ابتدائی سال ان کی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لئے انتہائی اہم ہوتے ہیں اور فاؤنڈیشن کی جانب سے بچوں کے لئے اقدامات انتہائی قابل قدر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت بچوں کی ابتدائی تعلیم کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ اس سلسلے میں ہم نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے 2013ء میں اسلام آباد میں اکیڈمی آف ایجوکیشن پلاننگ اینڈ مینجمنٹ قائم کی جو بچوں کی ابتدائی تعلیم پر تحقیق کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد تعلیم کاشعبہ صوبوں کو منتقل ہو گیا ہے تاہم آئین کے مطابق وفاقی حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ صوبوں کو تعلیم سے متعلق امور پر بحث کے لئے پلیٹ فارم مہیا کرے، اس سلسلہ میں وزرائے تعلیم کی بین الصوبائی کانفرنس ہر تین ماہ بعد منعقد کی جا رہی ہے۔

بلیغ الرحمان نے گلگت بلتستان میں 8 ویں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کے انعقاد پر وزیر تعلیم گلگت بلتستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی کانفرنسوں میں بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لئے تعلیمی فیصلے کئے جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :