مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے قابل عمل ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے ،سلمان بشیر

مقبوضہ کشمیر کے لوگ قوم بدترین حالات گزر رہے ہیں عالمی رائے عامہ خصوصاً اقوام متحدہ ریڈکراس کو کشمیریوں کو صحت اور انہیں بنیادی ضرورتوں کی فراہمی کے لئے ہنگامی اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا ، سابق پاکستانی سفارتکار

جمعرات 28 جولائی 2016 20:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء) بھارت میں تعینات سابق پاکستانی سفارتکار اور سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے قابل عمل ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ قوم بدترین حالات گزر رہے ہیں عالمی رائے عامہ خصوصاً اقوام متحدہ ریڈکراس کو کشمیریوں کو صحت اور انہیں بنیادی ضرورتوں کی فراہمی کے لئے ہنگامی اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا گزشتہ روز روزنامہ کشمیر پوسٹ انٹرنیشنل اور انسٹیٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار سے خطا ب کرتے ہوئے سلمان بشیر نے کہا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی اور علاقائی تعاون کی تنظیموں کو مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرنا ہوگا اس موقع پر کشمیر پوسٹ کے چیف ایگزیکٹو الطاف احمد بٹ، چیئرمین ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین جسٹس(ر) علی نواز چوہان، قائداعظم یونیورسٹی کے ڈاکٹر اشتیاق احمد،این ڈی یو کے ڈاکٹر محمد خان، ممتاز ریسرچ سکالر شیخ تجمل السلام انسٹیٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کی سربراہ فرحت آصف ، حریت رہنما فیض نقشبندی، شیخ عبدالمتین، عبدالحمید لون سمیت پاکستان میں متعین مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اس موقع پر اپنے خطاب میں چیف ایگزیکٹو کشمیر پوسٹ الطاف احمد بٹ نے سیمینار میں شرکت کرنے والے سفارتکاروں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم اس وقت زخموں سے چور چور ہے 60سے زائد کشمیری حالیہ 20دنوں میں بھارتی قابض فوجیوں کی براہ راست گولیوں کا نشانہ بن کر اپنی جانیں قربان کرچکے ہیں جبکہ موذی ہتھیار پلیٹ گن کا شکار ہو کر 2000سے زائد کشمیری شدید زخمی ہیں مصدقہ اطلاعات کے مطابق پلیٹ گن کا نشانہ بننے والے 200کشمیری جن میں بڑی تعداد معصوم بچوں کی ہے اپنی بینائی گنوا چکے ہیں انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہوچکی ہے لہٰذا وقت آگیا ہے کہ مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی سکیورٹی فورسز کے وحشیانہ مظالم کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر پر گزشتہ 70برسوں سے عالمی رائے عامہ کو گمراہ کررہا ہے بھارتی حکمران اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے موجود قراردادوں کی اعلانیہ خلاف ورزی کرتے ہوئے ہٹ دھرمی کارویہ اختیار کئے ہوئے ہے انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان سمیت اقوام عالم کو بھارت پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اس موقع پر شیخ تجمل الاسلام فیض نقشبندی جسٹس(ر) علی نواز چوہان فیض نقشبندی ڈاکٹر اشتیاق احمد نے علیحدہ علیحدہ خطاب میں کہا کہ بھارت مقبوضہ ریاست میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کرکے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے مقررین نے کہا کہ عالمی برادری کو یکجا ہو کر کشمیری قوم کو اپنا پیدائشی حق حق خودارادیت دلانا ہوگا بھارت کی مقبوضہ ریاست میں جارحیت اور دہشتگردی کے باعث خطہ خصوصاً دو ایٹمی ممالک کے درمیان غیر اعلانیہ جنگ کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے مقررین نے کہا کہ بھارت مقبوضہ ریاست میں منصوبے کے تحت کشمیری نوجوانوں کو براہ راست گولیوں کا نشانہ بناکر جدوجہد آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش کررہا ہے خوف وہراس پھیلانے کے نئے کالے قوانین اور معصوم بچوں کو بھی شدید تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارتی حکمران مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی کی سرپرستی کررہے ہیں بھارت ریاستی دہشتگردی کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے اس موقع پر کشمیرپوسٹ کی جانب سے حالیہ دنوں میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی بربریت کا شکار افراد کی ڈاکومینٹری بھی سیمینار میں شریک افراد کو دکھائی گئی۔