بھارت کشمیر ی نوجوانوں کو شہید کرنے اور کشمیری قیادت کو گرفتار کرنے سے تحریک آزادی کشمیر کو نہیں دبا سکتا، چوہدری برجیس طاہر

کشمیر پر بامقصد مذاکرات کے بغیر بھارت سے تعلقات معمول پر نہیں آسکتے،دُنیا مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف توجہ دیکر خطے کو ایٹمی تصادم سے بچائے،مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت انصاف کے عالمی اداروں کیلئے سوالیہ نشان ہے، وفاقی وزیر امور کشمیر

جمعرات 28 جولائی 2016 20:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء ) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارت کے ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کا سلسلہ بندکرے اور انسانی حقوق کی پاسداری کرتے ہوئے کشمیریوں کو اُن کا حق خود ارادیت دے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر ی نوجوانوں کو شہید کرنے اور آئے روز کشمیری قیادت کو گرفتار کرنے اور نظر بند کرنے سے تحریک آزادی کشمیر کو ختم نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پرُامن تحریک آزادی کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر کی عوام بھارتی جارحیت کے خلاف پرُزور احتجاج کر رہی ہے اور عوام پاکستان سے والہانہ وابستگی کا اظہار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئی دن ایسانہیں گزرتا کہ جس دن مقبوضہ کشمیر کے گلی کونوں میں پاکستانی پرچم نہیں لہرایا جاتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر بامقصد مذاکرات کے بغیر بھار ت سے تعلقات معمول پر نہیں آ سکتے اور خطے میں ایٹمی جنگ کے خطرات ہر وقت منڈلا تے رہے گے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وبربریت انصاف کے عالمی اداروں کے لیے کھلا چیلنج اور سوالیہ نشا ن ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برداری سے پرُ زور اپیل کی کہ وہ اس مسئلے سے متعلق اپنے ذاتی مفادات کو بالا طاق رکھ کر انصاف کے تقاضوں کے عین مطابق کشمیریوں کو اپنا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے اپنا مثبت و متحرک کردار ادا کریں۔