نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام مجید نظامی کی دوسری برسی کی تقریبات کے سلسلے میں طلبا و طالبات کے مابین انعامی تقریری مقابلہ

مجید نظامیؒقائداعظمؒ کے قول کے مطابق کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ سمجھتے تھے ،مقبوضہ کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد دیکھنا چاہتے تھے‘ابصار عبدالعلی

جمعرات 28 جولائی 2016 20:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان،شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن‘ آبروئے صحافت ، رہبر پاکستان اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر مجید نظامیؒ کی دوسری برسی کی تقریبات کے سلسلے میں سکولوں کے طلبا و طالبات کے مابین انعامی تقریری مقابلہ بعنوان’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے (قائداعظمؒ)‘‘ منعقد ہوا۔

اس مقابلے میں طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر حمید نظامی پریس انسٹی ٹیوٹ ابصار عبدالعلی، سینئر صحافی دلاور چودھری ، پروفیسر رضوان الحق اور بلال شوکت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ابصار عبدالعلی نے طلبا و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجید نظامیؒقائداعظمؒ کے قول کے مطابق کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ سمجھتے تھے اور مقبوضہ کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد دیکھنا چاہتے تھے۔

کوئی بھی قوم اپنی شہ رگ کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی ہے۔ تقسیم ہند کے وقت یہ فارمولہ طے پایا تھا کہ ہندو اور مسلم ریاستوں کو یہ اختیار دیا جائے گاکہ وہ پاکستان یا بھارت میں سے جس کے ساتھ چاہیں الحاق کرلیں ،تاہم بھارت نے زبردستی مسلم اکثریتی علاقے کشمیر پر قبضہ کر لیا۔ کشمیریوں کو آزادی کی دولت جلد نصیب ہو گی۔ دلاور چودھری نے کہا کہ کشمیر کی پاکستان کیلئے بڑی اہمیت ہے اور ہماری زندگی کشمیر کے پانیوں سے ہے۔

کشمیر ہمارا گھر ہے۔ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔بھارتی افواج کشمیری بچوں پر بھی مظالم ڈھا رہی ہے ، کشمیر کو بھارت کے تسلط سے نجات دلانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ وہ دن جلد آئے گا جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ پروفیسر رضوان الحق نے کہا کہ مجیدنظامیؒ کشمیریوں کے بہت بڑے پشتیبان تھے اور انہوں نے ہمیشہ کشمیریوں کی سرپرستی ورہنمائی فرمائی ۔

کشمیری انہیں اپنا محسن سمجھتے ہیں۔پروگرام کے دوران عبدالرحمن ، امین اور عمار شاہد نے بھارتی مظالم کی عکاسی کرتا ٹیبلو پیش کیا۔ مقابلہ کے منصفین کے فرائض پروفیسررضوان الحق اور عمران نقوی نے انجام دیے۔ منصفین کے نتائج کے مطابق مون پبلک سکول‘ ٹمبر مارکیٹ لاہور کے سیف اﷲ جمیل اور سید پبلک ہائی سکول فار گرلز‘لاہور کینٹ کی قیصرہ بتول نے مشترکہ طور پر اول، پاکستان ریلویز بوائز ہائی سکول‘ مغلپورہ لاہور کے زید الرحمن اور سید پبلک ہائی سکول فار گرلز‘لاہور کینٹ کی منیزہ آصف نے مشترکہ طور پر دوئم جبکہ مون پبلک سکول‘ ٹمبر مارکیٹ لاہور کے فاروق شاہد اور سید پبلک ہائی سکول فار گرلز‘لاہور کینٹ کی عائشہ نوید نے مشترکہ طور پر سوئم پوزیشن حاصل کی ۔

ان تقریبات کا اہتمام تحریک پاکستان وکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔