کراچی،سندھ اسمبلی میں روایتی وزیر اعلیٰ کی تبدیلی سندھ کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے ،ڈاکٹر عارف علوی

رینجرز کو پورے سندھ میں جرائم کے خلاف اختیار دینگے تاکہ منصفانہ آپریشن سے ہر شہر سے مجرموں کا خاتمہ ہو، پریس کانفرنس

جمعرات 28 جولائی 2016 20:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سندھ اسمبلی میں روایتی وزیر اعلیٰ کی تبدیلی سندھ کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے ۔ مسلسل 96مہینے سے سندھ پر حکومت کرنے والے کبھی بھی صوبے کی ترقی اور عوام کو استحکام نہیں دے سکتے ۔

اگر تحریک انصاف کو سندھ کی حکومت کا موقع ملا تو عوام کو مسائل سے آزاد کر دیں گے اور سندھ کو کرپشن فری صوبہ بنائیں گے۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز تحریک انصاف کراچی کے مرکز ’’انصاف ہاؤس‘‘ میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ کے امیدوار رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، عمران اسماعیل، رکن سندھ اسمبلی ثمر علی خان،رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیاء، فردوس شمیم نقوی ،عزیز آفریدی، جمال صدیقی ، سبحان علی ساحل، دوا خان صابر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کوٹہ سسٹم میں کرپشن کو ختم کر کے میرٹ کا نظام قائم کریں گے۔ جبکہ رینجرز کو پورے سندھ میں جرائم کے خلاف اختیار دینگے تاکہ منصفانہ آپریشن سے ہر شہر سے مجرموں کا خاتمہ ہو۔انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں پانی کی قلت کو ختم کر کے عوام کو بنیادی سہولت ان کے دروازے پر فراہم کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمارا امیدوار کسی صورت نہیں بیٹھے گا اور ہم تمام اراکین اسمبلی سے امید رکھتے ہیں کہ وہ صوبے کی ترقی اور کرپشن فری سندھ کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔