پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد ہے میرا ووٹ پیپلزپارٹی کے امیدوار کا ہی ہوگا،آغا سراج درانی

جمعہ کوتین بجے سندھ اسمبلی میں قائد ایوان کا انتخابات منعقد کیا جائیگا ،نامزد امیدواران کی فہرست آویزاں کی جائیگی،اسپیکر سند ھ اسمبلی وزیر اعلی کے انتخابات میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے جارہے ہیں ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں،میڈیا سے بات چیت

جمعرات 28 جولائی 2016 20:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد ہے میرا ووٹ پیپلزپارٹی کے امیدوار کا ہی ہوگا۔جمعرات کو سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ جمعہ کوتین بجے سندھ اسمبلی میں قائد ایوان کا انتخابات منعقد کیا جائے گا اور نامزد امیدواران کی فہرست آویزاں کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسکروٹنی کے بعد امیدوار کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے گی۔سراج درانی نے بتایا کہ وزیر اعلی کے انتخابات میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے جارہے ہیں ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔اسپیکر اسمبلی نے بتایا کہ کل قائد ایوان کے انتخابات کے حوالے سے تمام اسمبلی ممبران شرکت کریں گے تاہم رؤف صدیقی کواسمبلی میں پیش کرنے کے لیے وزارت جیل خانہ جات اور آئی جی جیل خانہ جات کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں آغا سراج درانی نے کہا کہ قائد ایوان کا انتخاب لڑنا ہر شخص کا جمہوری حق ہے، جو بھی جماعت چاہیے اپنا امیدوار سامنے لے آئے ممبرانِ اسمبلی جسے بہتر سمجھیں گے اسے اپنا ووٹ دے دیں گے۔ایم کیو ایم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں آغا سراج درانی نے کہا کہ میرا ایم کیو ایم سے 24 گھنٹے رابطہ رہتا ہے، سندھ کی ترقی کے لیے تمام جماعتوں کو ایک ساتھ مل کر چلنا ہوگا۔

یاد رہے وزیر اعلی سندھ کے لیے پیپلزپارٹی کی جانب مراد علی شاہ کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے جنہیں اپوزیشن جماعت مسلم لیگ فنکشنل اور حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کی خاموش حمایت حاصل ہے جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے خرم شیر زمان نے بھی قائد ایوان کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے ہیں۔اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ایم کیو ایم کی جانب سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا جبکہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے حوالے سے سندھ حکومت کے سامنے تحفظات کا اظہار کیا جائے گا۔