مسلم لیگ (ق) یوتھ ونگ کے مرکزی صدر کی قیادت میں وفد کی چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات

نوجوان کسی بھی جماعت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،پارٹی پیغام ملک کے کونے کونے میں پہنچانے میں یوتھ ونگ کا اہم کردار ہے، چوہدری شجاعت نوجوانوں کیلئے (ق)لیگ سے بہتر کوئی پلیٹ فارم نہیں ،جہاں ان کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا جاتا ہے،آئندہ انتخابات میں نوجوانوں کو ملک بھر میں انتخابی ٹکٹ دینگے ، سربراہ مسلم لیگ(ق)

جمعرات 28 جولائی 2016 19:58

اسلام آباد/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے مسلم لیگ (ق) یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سیدبلال شیرازی کی قیادت میں ایک وفد نے ان کی رہائش پر ملاقات کی ہے ۔سیدبلال شیرازی نے چوہدری شجاعت حسین کو ملک بھر میں یوتھ ونگ کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نوجوان کسی بھی جماعت کااثاثہ ہوتے ہیں اور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

سیکرٹری اطلاعات سید فرحان شاہ کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ پارٹی کے پیغام کو ملک کے کونے کونے میں پہنچانے میں یوتھ ونگ کا اہم کردار ہے ۔مسلم لیگ (ق) نے اپنے دور حکومت میں نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی اور فنی تربیت کے لیے متعدد پروگرام شروع کیے اور ان کے ذریعہ ہزاروں نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ق) نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھارہی ہے ۔

ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے مسلم لیگ (ق) سے بہتر کوئی پلیٹ فارم نہیں ہے ،جہاں ان کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے ایک وژن رکھتی ہے ۔چاروں صوبوں ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں یوتھ ونگ کے کارکنان ہراول دستہ کا کردار ادا کررہے ہیں ۔آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ق) نوجوانوں کو ملک بھر میں انتخابی ٹکٹ دے گی اور یہ نوجوان قیادت ملک کے مسائل کے بھنور سے نکالنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نوجوانوں کے لیے کوئی تعمیری منصوبہ شروع نہیں کیا ہے ۔طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم ان کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہورہا ہے ۔وزیراعظم یوتھ لون اسکیم سے محض من پسند افراد کو نوازا گیا اور یہ اسکیم بری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کے لیے فنی تربیت سمیت ایسے پروگرام شروع کیے جائیں ،جن کے ذریعہ وہ اپنا مستقبل بہتر بناسکیں ۔چوہدری شجاعت حسین نے یوتھ ونگ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت یوتھ ونگ کے کارکنوں کے جذبے کو ستائش کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔