اسلام آباد ہائیکورٹ، حج کرپشن کیس کی سماعت ، راؤ شکیل اور آفتاب الاسلام کی ضمانت منظور

جرمانے کی سزا کے برابر مالیت کے ضمانتی مچلکے داخل کرنے کا حکم

جمعرات 28 جولائی 2016 19:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 جولائی ۔2016ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے حج کرپشن کیس میں سزا یافتہ سابق ڈائریکٹر جنرل حج راؤ شکیل اور وزارت خارجہ کے سابق جوائنٹ سیکریٹری آفتاب الاسلام کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں جرمانے کی سزا کے برابر مالیت کے ضمانتی مچلکے داخل کرنے کا حکم دے دیا، گزشتہ روز چیف جسٹس محمد انور خان کاسی نے محفوظ جاری کرتے ہوئے حج کرپشن کیس میں سزا یافتہ سابق ڈی جی حج اور وزارت خارجہ کے سابق جوائنٹ سیکریٹری ی ضمانت منظور کرنے کا حکم سنایا، درخواست گزاروں کے وکلاء ایڈوولیٹ محمد حسن بھٹی اور ایڈووکیٹ قاضی مصباح الحسن نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ دونوں ملزمان 2010سے جوڈیشنل لاک اپ میں ہیں اور اپنی سزا پوری کر چکے ہیںِ، جبکہ کس گواہ کے بیان سے ملزمان کا جرم ثابت نہیں ہوتا، ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے، لہذا عدالت دونوں ملزمان کی ضمانت منظور کرنے کا حکم جاری کرے، واضح رہے کہ ماتحت عدالت نے راؤ شکیل کو مجموعی طور پر 30سال قید اور 15کروڑ روپے جرمانہ جبکہ آفتاب الاسلام کو دو مرتبہ 6سال قید اور جرمانہ کی سزا سنائی تھی، تمام سزائیں ایک ساتھ شروع ہوکر 6سال میں مکمل ہونا تھیں، جیل رپورٹ کے مطابق ملزمان 2010سے جیل میں ہیں اور اپنی سزا پوری کر چکے ہیںِ مگر عدم ادائیگی جرمانہ کے باعث مزید قید کاٹ رہے ہیں۔