خواتین پر تشدد کی روک تھام ، انسانی حقوق ایکشن پلان پر عملدرآمد شروع

انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے 750 ملین مختص،400 ملین انسانی حقوق سے متعلق آگاہی مہم پر خرچ کئے جائینگے گزشتہ برس 143تیزاب پھینکنے کے واقعات ، 939 پر جنسی تشدد،279 پر گھریلو تشدد ، 833 خواتین اغواء، 777 نے خود کشی کی،رپورٹ

جمعرات 28 جولائی 2016 19:39

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 جولائی ۔2016ء ) خواتین پر ہونیوالے جنسی تشدد اور آگ لگانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کیلئے انسانی حقوق کمیشن نے بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف کی طرف سے منظور کئے گئے انسانی حقوق کے ایکشن پلان پر عملدرآمد شروع کردیا گیا۔ وزیراعظم کی طرف سے انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے 750 ملین مختص کردیئے گئے ۔

وزارت انسانی حقوق کی دستاویزات کے مطابق 750 ملین میں سے 400 ملین انسانی حقوق سے متعلق آگاہی مہم پر خرچ کئے جائینگے جبکہ سو ملین مفت قانونی سہولت فراہم کرنے کیلئے استعمال کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

وزارت انسانی حقوق نے یہ اقدامات ملک میں خواتین پر بڑھتے ہوئے تشدد کو روکنے کیلئے کئے گئے ہیں ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس بارہ ماہ میں 143 خواتین پر تیزاب پھینکنے کے واقعات ہوئے 939 خواتین پر جنسی تشدد کیا گیا 279 خواتین کو گھریلو تشدد کا سامنا کرنا پڑا 833 خواتین کو اغواء کرلیا گیا اور 777 خواتین نے حالات سے تنگ آکر خود کشی کرلی اس طرح وزارت حقوق نے 30 مئی 2016ء کو مری کے علاقے اپر دیول میں زندہ جلانے کا نوٹس لیا علاوہ ازیں 29مئی 2016ء کو زینت نامی لڑکی لاہور میں بے دردی سے قتل کردیا گیا سیالکوٹ میں بھی بھائی نے غیرت کے نام پر اپنی بہن انم مسیح کو قتل کیا سولہ جون کو گوجرانوالہ میں والدین کے منع کرنے کے باوجود شادی کرنے والے مقدس کو مار دیا گیا اور گوجرانوالہ میں ہی 23سالہ نگینہ کو قتل کیا گیا ان تمام واقعات کے بعد وزارت انسانی حقوق نے خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات تیز کردیئے ہیں وزارت انسانی حقوق کی طرف سے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کو بتایا گیا ہے ک خواتین کے تحفظ کے لئے نئے کرائسس سنٹر بنائے جارہے ہیں اور خواتین سے متعلق تمام امتیازی قوانین کا جائزہ لیا جارہا ہے آئین کے آرٹیکل 149 کے تحت خواتین کے تحفظ کویقینی بنانے کے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں خواتین کے تحفظ کیلئے ہیلپ لائن 1099 قائم کیاجارہا ہے جہاں سے خواتین کو مفت قانونی سہولت فراہم کی جاسکے گی انسانی حقوق سے متعلق نیشنل ایکشن پلان کے ازخود نوٹس سے متعلق اختیار وسیع کردیا گیا ہے وزارت انسانی حقوق عوام میں انسانی حقوق کی آگاہی کیلئے ایک مہم بھی شروع کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو خواتین کے تحفظ بارے آگاہ کیا جائے اس لئے میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کی خدمات بھی لی جائینگی اس طرح بچوں کے تحفظ کے اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے گا

متعلقہ عنوان :