غیر قانونی پیٹرول پمپلس ، جعلی منرل اور سوڈا واٹر فیکٹریوں کیخلاف کارروائی کے مطالبے پر مبنی قرار دادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع

جمعرات 28 جولائی 2016 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 جولائی ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف نے غیر قانونی پیٹرول پمپلس ، جعلی منرل اور سوڈا واٹر فیکٹریوں کیخلاف کارروائی کے مطالبے پر مبنی قرار دادیں اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کو علاج معالجے کی بدترین صورتحال پر تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی ۔ تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی جہانزیب خان کھچی کی جانب سے غیر قانونی پیٹرول پمپلس کے خلاف قرار داد جمع کروائی گئی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ اس ایوان کی رائے ہے کہ حکومت صوبہ بھر میں غیر قانون بنائے جانے والے پیٹرول پمپس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرے اور ان کو بند کرنے کے احکامات جاری کرے۔

پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ملک تیمور مسعود نے جعلی منرل اور سوڈا واٹر فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کے لئے قرار داد جمع کروائی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ جعلی منرل اور سوڈا واٹر فیکٹریوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرتے ہوئے فیکٹریوں کو بند کیا جائے ۔

(جاری ہے)

جبکہ ملک تیمور مسعود کی طرف سے ہی پی آئی سی میں علاج معالجے کی سہولیات بارے تحریک التوائے کار بھی جمع کروائی گئی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ لاہور پنجاب میں دل کے سب سے بڑے ہسپتال پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی 14بیڈز پر مشتمل ہے جبکہ مریض سینکڑوں کی تعداد میں ہیں ، بائی پاس کے ہزاروں مریض لائن میں لگے ہیں لیکن ترجیح پرائیویٹ آپریشن کو دی جاتی ہے ۔

ہسپتال میں سالانہ 1لاکھ 50ہزار سے زائد مریض بیڈ میسر نہ ہونے کے باعث کرسیوں اور زمین پر بیٹھ کر علاج کروانے پر مجبور ہیں ۔ لہٰذا استدعا ہے کہ میری تحریک کو باضابطہ قرار دے کر اس پر ایوان میں بحث کرنے کی اجازت دی جائے ۔