ملاکنڈ ڈویژن میں کسٹم ایکٹ کے نفاد کا فیصلہ جلد واپس لے لیاجائیگا ، سمری صدر مملکت کو بھجوا دی

گورنز خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا کی وفد سے گفتگو

جمعرات 28 جولائی 2016 18:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 جولائی ۔2016ء) گورنز خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں کسٹم ایکٹ کے نفاد کا فیصلہ واپس لینے سے متعلق صوبائی حکومت کی ارسال کردہ سمری انہوں نے بغیر کسی تاخیر کے صدر مملکت کو بھجوا دی ہے اور توقع ہے کہ اسے بہت جلد از جلد واپس لے لیا جائے گا۔ وہ جمعرات کووزیر اعظم کے مشیر انجیئنر امیر مقام کی قیادت میں ملا کنڈ ڈویژن کے مسلم لیگی رہنماؤں اور منتخب نمائندوں کے ایک27رکنی وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

وفد میں دوسروں کے علاوہ ضلع ناظم سوات محمد علی شاہ، ایم پی اے ارشاد خان، سابق ارکان اسمبلی قیموس خان، ملک جہانزیب خان، سر زمین خان، تحصیل ناظمین اور مسلم لیگی عہد یداران بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفد کے اراکین نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن پسماندہ ہونے کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات سے بھی متاثرہ علاقہ ہے،انہوں نے کہا کہ ان حقائق کی روشنی میں اس ایکٹ کو واپس لینے کی درخواست کی گئی ہے۔

وفد کے ارکان نے گورنر کو کسٹم ایکٹ کے نفاد کے حوالے سے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام اور سیاسی جماعتوں اور تاجروں کے رد عمل سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ وہ اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے کسٹم ایکٹ کے نفاد کو واپس کریں۔ گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ انہیں اس حقیقت کا بخوبی احساس ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن ایک پسماندہ علاقہ ہونے کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات سے بھی متاثرہ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں علاقے کے عوام کے جذبات و احساسات کی بھی پوری قدر ہے اور وہ معروضی حقائق کی روشنی میں ان کے موقف کی تائید میں ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :