روڈ ٹرانسپورٹیشن بارے پاک ترکی مشترکہ کمیشن کا طے معاہدے پر عملدرآمد کے ذریعے موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور، مستقبل قریب میں دو طرفہ تجارت کو 5ارب ڈالرسے زیادہ کے ٹارگٹ کو حاصل کرنے کا عزم

جمعرات 28 جولائی 2016 18:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 جولائی ۔2016ء) روڈ ٹرانسپورٹیشن پر پاک ترکی مشترکہ کمیشن نے پہلے سے دستخط شدہ دوطرفہ روڈ ٹرانسپورٹ معاہدے پر عملدرآمد کے ذریعے موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے دونوں طرف سے مستقبل قریب میں دو طرفہ تجارت کو 5ارب ڈالرسے زیادہ کے ٹارگٹ کو حاصل کرنے کا عزم کیا ہے ۔

گزشتہ روز دو طرفہ روڈ ٹرانسپورٹ معاہدے کے فریم ورک کے تحت روڈ ٹرانسپورٹیشن پر پاکستان اور ترکی کے مشترکہ کمیشن کادوسراا جلاس اسلام آباد میں ہوا۔ ترکی کے وفدجس کی قیادت وزارت ٹرانسپورٹ ،میری ٹائم امور اور مواصلات کے جنرل ڈائریکٹوریٹ برائے روڈ ٹرانسپورٹ ریگولیشن کی ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل مسزنورہان ٹف کسیوگلُو کر رہی تھی،نے وزارت مواصلات ،وزارت کامرس اور وزارت خارجہ کے سینیئر افسران سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں روڈز اینڈ روڈ ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔اس امر کی ضرورت محسوس کی گئی کہ پہلے سے دستخط شدہ دوطرفہ روڈ ٹرانسپورٹ معاہدے پر عملدرآمد کے ذریعے موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے ۔معاہدے کامقصد دو نوں ممالک کے درمیان کارگو اور مسافروں کی نقل وحرکت کو سہل بنانا ہے۔

دونوں طرف سے مستقبل قریب میں دو طرفہ تجارت کو 5،ارب یوایس ڈالرسے زیادہ کے ٹارگٹ کو حاصل کرنے کا عزم کیا گیا۔اجلاس میں ڈرائیوروں / عملہ کیلئے ویزہ کی سہولت سے متعلقہ امور ،دونوں ممالک کے درمیان روڈ ٹرانسپورٹ کی نقل و حرکت کیلئے تکنیکی طریقہ کار،اشیاء،گاڑیوں اور ڈرائیوروں / عملہ کی انشورنس،اور روڈزاینڈ روڈ ٹرانسپورٹیشن کے شعبوں میں معلومات کے تبادلے سے متعلقہ امور زیر بحث آئے۔علاوہ ازیں دونوں ممالک کے نجی شعبوں میں اشتراک کار کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یاد رہے کہ دوطرفہ معاہدے پر پاکستان اور ترکی کے درمیان15جون 2003کو دستخط کیے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :