اسلام آباد پولیس کمیونیکیشن سسٹم میں ڈیٹا فیڈنگ کا کام شروع کر دیا گیا

جمعرات 28 جولائی 2016 18:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء) اسلام آباد پولیس کمیونیکیشن سسٹم کو باقاعدہ طور پر اسلام آباد پولیس میں آپریشنل ہونے کے بعد اس میں ڈیٹا فیڈنگ کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔یہ سسٹم نادرا سے منسلک کیا گیا ہے جس میں ایف آئی آر کے اندراج سے لے کر چالان ،ضمنیات ، ملزمان کے نام معہ ولدیت و پتہ،شناختی کارڈ نمبرز،ٹیلی فون نمبرز ،عدالتوں سے فیصلہ تک وملزمان کی سزایابی کا ریکارڈ شامل ہے ۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد طارق مسعود یٰسین کے زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اسلام آباد پولیس کمیونیکیشن سسٹم کا باقاعدہ آپریشنل ہونے کے بعد جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں اے آئی جی جنرل نثار احمد خان تنولی،ڈائریکٹر آئی ٹی سلیم رضا شیخ ،سٹاف آفیسر ٹو آئی جی برائے آئی ٹی سید امتیاز احمد شاہ،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز طاہر محمود ،پی ایس او ٹو آئی جی پی انسپکٹر محمد اشرف اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد پولیس کمیونیکیشن سسٹم پاکستان کی تاریخ کا جدید سسٹم ہے جس میں ایف آئی آر کے اندراج سے لے کر چالان ،ضمنیات ، ملزمان کے نام معہ ولدیت و پتہ،شناختی کارڈ نمبرز،ٹیلی فون نمبرز ،عدالتوں سے فیصلہ تک وملزمان کی سزایابی کا ریکارڈ شامل ہے ۔جبکہ پولیس افسران و ملازمان کا محکمانہ ریکارڈ بھی روزمرہ بنیادوں پر اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے ۔

اس کمیونیکیشن سسٹم میں ابھی تک یکم جنوری 2016 سے لے کر اب تک کا تمام تھانوں کا مکمل ڈیٹا فیڈ کیا جا چکا ہے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اس سسٹم سے افسران کی روزمرہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور انہو ں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس کو تمام افسران باقاعدہ طور پر استعمال میں لائیں ۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ درخواست گزار کی آسانی اور اس کو مطمئن کرنے کے لئے ایف آئی آر کی تھانہ سے تصدیق شدہ کمپیوٹرائزڈ کا پی جاری کی جائے گی تاکہ اس درخواست گزار کو پولیس کی تحریر پڑھنے میں کسی قسم کی دقت پیش نہ آئے ۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ ایک ایسا نظام ہے جس سے عام آدمی کو انصاف فراہم کرنے کے لئے آسانیا ں پیدا ہوں گی اور سائلین کی کئی مشکلات ختم ہوں گی ۔انہوں نے اس سسٹم کے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کمیونیکشن سسٹم کو بغیر کسی رکاوٹ کے اپ ڈیٹ کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :