چیئرمین ایچ ای سی کے زیر صدارت نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسلز کے چھٹے اجلاس کا انعقاد

اعلیٰ تعلیمی سیکٹر کی بہتری کے لئے معیار ِتعلیم پر خصوصی توجہ دینے اور جامعات میں گورننس کے معاملات کو درست کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر مختار احمد

جمعرات 28 جولائی 2016 17:29

اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 جولائی ۔2016ء) اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان نے مختلف تعلیمی پروگراموں، جامعات اور جامعات کے کیمپسز کی ایکریڈیٹیشن سے متعلق امور پر غوروخوض کے لئے ایچ ای سی سیکریٹریٹ میں چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کے زیر صدارت نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسلز کے چھٹے اجلاس کا انعقاد کیا۔

اجلاس میں ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد علی، ڈائریکٹر جنرل کوالٹی ایشورنس ایجنسی رفیق بلوچ، ڈائریکٹر ناصر شاہ اور تمام ایکریڈیٹیشن کونسلز بشمول پاکستان انجنئیرنگ کونسل، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل، پاکستان ویٹرنری کونسل، پاکستان نرسنگ کونسل ، پاکستان کونسل آف آرکیٹیکچر اینڈ ٹاؤن پلاننگ، فارمیسی کونسل آف پاکستان، پاکستان بار کونسل، پاکستان کونسل آف ہومیوپیتھی، نیشنل کونسل فار طب، نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل ، نیشنل بزنس ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل، نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایریڈیٹیشن کونسل، اور نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن کے سربراہان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ملک میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو یقینی بنانے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی سیکٹر کی بہتری کے لئے معیار ِتعلیم پر خصوصی توجہ دینے اور جامعات میں گورننس کے معاملات کو درست کرنے کی اشد ضرورت ہے جس کے لئے ہمیں مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی۔ انہوں نے ایکریڈیٹیشن کونسلز پر زور دیا کہ جامعات اور ان کے کیمپسز کو نئے پروگراموں کے اجراء کے لئے مشروط این اوسی نہ دیئے جائیں بلکہ ایکریڈیٹیشن کی لوازمات پوری ہونے کی صورت میں ہی این او سی دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی اور ایکریڈیٹیشن کونسلز کوپروگراموں کے معیار اور لوازمات کی تکمیل کو جانچنے کے لئے مشترکہ طور پر جامعات کے دورے کا اہتمام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کو اپنی سہولیات جیسے لیبارٹریزاور لائبریریز وغیرہ تمام شعبہ جات کے لئے یکساں استعمال کرنے کی ترغیب دی جائے تاکہ ہر شعبے کے طلباء ان سے استفادہ حاصل کر سکیں۔

ایچ ای سی نے گزشتہ 12سال میں تعلیمی اداروں کے انفراسٹرکچر پر خطیر رقم خرچ کی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایکریڈیٹیشن کونسلز جامعات کے دوروں کے اخراجات کے حوالے سے شکایات کا بھی ازالہ کریں۔ ایکریڈیٹیشن کونسلز پیشہ ورانہ ادارے ہیں جن کا مقصد جامعات کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ڈاکٹر مختار احمد نے میڈیکل کالجوں کی جانب سے دوبارہ سالانہ امتحانی نظام اختیار کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور پی ایم ڈی سی کو عالمی ضروریات کے مطابق سمسٹر سسٹم پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ایکریڈیٹیشن کونسلز کی تربیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اِس سلسلے میں ایچ ای سی بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کر سکتا ہے۔ اجلاس میں پانچویں نیشنل ایکریڈیٹیشن اجلاس کے نکات اور ان پر عمل درآمد پر بھی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے غیر منظور شدہ پروگراموں میں داخلے کے لئے جامعات کے اشتہارات سمیت جامعات کی درجہ بندی، قومی نصاب سے متعلقہ کمیٹی کے امور، تعلیمی پروگراموں کے معیار اور دیگر ایکریڈیٹیشن کے معاملات پرغور کیا۔

جامعات کی درجہ بندی کی بجائے پروگراموں کی درجہ بندی پر کام شروع کرنے پر اتفاق ہوا۔ فیصلہ ہوا کہ کونسلز کے اجلاس ہر چھ ماہ بعد منعقد ہوں گے جبکہ کونسلز کی ذیلی کمیٹیاں ہر تین ماہ بعد اجلاس بلائیں گی۔ ڈاکٹر ارشد علی نے اگلے اجلاس میں-III MTDF کے تحت نئے منصوبوں سے متعلق معلومات کے تبادلے کی بھی ہدایت کی اور ایکریڈیٹیشن کونسلز کی ذیلی کمیٹیوں کو اپنے اقدامات کی تفاصیل پر مبنی ایک خلاصہ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :