ون ویلرز اور کمسن ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن ، 2دنوں میں 513موٹر سائیکل تھانوں میں بند

ایس پیز ، ڈی ایس پیز ون ویلنگ اور کمسن ڈرائیورزکیخلاف جاری مہم کی کامیابی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کا رلائیں‘طیب حفیظ چیمہ

جمعرات 28 جولائی 2016 17:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس کے ون ویلرز اورکمسن ڈرائیورز کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں گذشتہ 2روز میں 513موٹر سائیکل مختلف تھانوں میں بند کروائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمسن ڈرائیورز کی حوصلہ شکنی اور ون ویلنگ کے خلاف ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے اسکے خاتمے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا ئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سی ٹی او نے کہا کہ کمسن ڈرائیورز اور ون ویلنگ کے خلاف انسدادی کارروائی کا جائزہ لینے کیلئے میں خود بھی وزٹ کروں گا۔انہوں نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ ون ویلرزاور کم عمر ڈرائیورز کے خلاف جاری مہم کو کامیاب کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کا رلائیں، ون ویلنگ کے خاتمے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب ہے جبکہ وارڈنزکمسن ڈرائیورز کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی جاری رکھیں تاہم شہریوں سے نرم رویہ رکھتے ہوئے ڈیوٹی سرانجام دیں ۔انہوں نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ون ویلنگ سے روک کر انکی زندگی اور قوم کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچائیں۔