Live Updates

تحریک انصاف کا ریلوے گوداموں سے قیمتی سامان کی چوری کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار

وزیرصاحب دربار آلِ شریف سے فرصت پائیں تو ریلوے کے نقصانات میں کمی کی فکر کریں‘ نعیم الحق

جمعرات 28 جولائی 2016 17:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف نے ریلوے گوداموں سے قیمتی سامان کی چوری کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ تین برس کی آڈٹ رپورٹس ریلوے کی زبوں حالی کی داستان سنا رہی ہیں ،وزیرصاحب دربار آلِ شریف سے فرصت پائیں تو ریلوے کے نقصانات میں کمی کی فکر کریں۔ اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا کہ ریلوے گودام چوروں کے رحم و کرم جبکہ اسکے اثاثے اور معاملات نااہل لوگوں کے ہاتھ میں ہیں،ریلوے کو قومی خزانے سے سرمایہ چرانے کے ایک آسان وسیلہ کے طور پر برتاجارہاہے۔

ریلوے گوداموں سے قیمتی سامان کی چوری کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کے وزیر کو شریف خاندان سے وفاداری نبھانے سے فرصت نہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ تین برس کی آڈٹ رپورٹس ریلوے کی زبوں حالی کی داستان سنا رہی ہیں،ریلوے کی آڈٹ رپورٹس تحریک انصاف نہیں پیشہ ورآڈیٹرز نے مرتب کی، امید ہے وزیر موصوف ریلوے حکام کی نااہلی اور گوداموں سے چوری کو تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید سے نتھی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرصاحب دربار آلِ شریف سے فرصت پائیں تو ریلوے کے نقصانات میں کمی کی فکر کریں،زبانی جمع خرچ کی بجائے صدق دل سے ریلوے کے حالات سدھارنے پر توجہ دی جاتی تو کیفیت بہتر ہو سکتی تھی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات