انڈونیشیا میں منشیات کے الزام میں موت کی سزا پانیوالے پاکستانی شہری ذوالفقار کے اہل خانہ کاپنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج

وزیر اعظم نواز شریف انصاف کیلئے اپنے انڈونیشین ہم منصب سے رابطہ کریں ،انصاف نہ ملا تو خود سوزیں کر لیں گے‘ بہنوں کی گفتگو

جمعرات 28 جولائی 2016 17:20

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء ) انڈونیشیا میں منشیات کے الزام میں موت کی سزا پانے والے پاکستانی شہری ذوالفقار علی کے اہل خانہ نے پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ، جبکہ ذوالفقار کی بہنوں کا کہنا ہے کہ اگر انصاف نہ ملا تو وزیر اعظم ہاؤس کے سامنے خود سوزیں کر لیں گے ۔تفصیلات کے مطابق انڈونیشیاء میں منشیات کے جھوٹے الزام موت کی سزا پانے والے پاکستانی شہری ذوالفقا ر علی کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب نے پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کر کے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے ۔

اہل خانہ کا کہنا تھاکہ ذوالفقار علی کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا ۔ وزیر اعظم اپنے انڈونیشین ہم منصب سے رابطہ کرکے انصاف دلانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

احتجاج کے دوران ذوالفقار کی نانی کی طبیعت ناساز ہو گئی جس پر انہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ ذوالفقا رعلی کی بہنوں نے روتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم اپنا کردار ادا کریں او رانصاف دلائیں ۔

اگر ہمیں انصاف نہ ملا تو بچوں سمیت وزیراعظم ہاؤس کے سامنے خودسوزی کر لیں گے۔واضح رہے کہ ذوالفقار علی لاہورکا رہائشی ہے جو 15 سال قبل روزگار کیلئے انڈونیشیا گیا تھا جہاں اس کی دوستی بھارتی شہری گردیپ سنگھ کے ساتھ ہوئی جس نے اسے ہیروئن اسمگلنگ کے مقدمے میں پھنسا دیا اور الزام لگایا کہ میرے ساتھ ہیروئن اسمگلنگ میں ذوالفقار بھی ملوث ہے جس کے بعد دونوں کو سزائے موت سنا دی گئی تھی۔