حکمران دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹ رہے ہیں، اپوزیشن نام کی کوئی چیز نہیں ،احمدرضاقصوری

جمعرات 28 جولائی 2016 15:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 جولائی ۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیف کوآرڈینیٹر بیرسٹر احمدرضاقصوری نے کہاہے کہ حکومت عوام کے مسائل کے حل میں ناکام ہوچکی ہے،پورے ملک میں امن وامان کا مسئلہ ہے، ہر طرف لوٹ ماراور کرپشن ہے، ملک چوروں اورلٹیروں کے ہاتھوں میں ہے، حکمران دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹ رہے ہیں، اپوزیشن نام کی کوئی چیز نہیں ہے،ماضی کے کلرک اور لوہار ملک چلارہے ہیں،لے دے کے عمران خان کی صورت میں کچھ اپوزیشن باقی ہے، اگر عمران خان نے اس مرتبہ دھرنا دیا تو اس میں شامل ہونے پر غورکررہے ہیں،چوروں اور لٹیروں کی حکومت کے خاتمے کے لئے حتمی تحریک چلائیں گے۔

اس مرتبہ مظلوم عوام اٹھ کھڑے ہوں گے اور ظالم حکمرانوں کو ایوان اقتدار سے نکال باہر کریں گے ۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے کراچی میں مجوزہ شہید ظہورالحسن بھوپالی آڈیٹوریم میں پاکستان نظام مصطفےٰ سوشل ویلفیئرایسوسی ایشن کی عید ملن پارٹی سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔تقریب سے مہمان خصوصی مہاجراتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹرسلیم حیدر،صدرتقریب مرکزی میلادالائنس پاکستان کے بانی وچیف آرگنائزرمحمدسلیم خاں قادری ترابی ،میزبان امام الدین شیخ، جمعیت علماء پاکستان کے محمدشکیل قاسمی،پاکستان بچاؤ پارٹی کراچی کے صدر نسیم احمدسحر، سینئر صحافی وقانون دان اعجازعلی نوید،آل پاکستان مسلم لیگ کراچی کے نائب صدر محمدحسین رامپوری، اسحاق حجازی،چیئرمین کارساز ٹرسٹ شاہد مرزا، اے این آئی کے عبدالوحید یونس، صحافی الائنس کے صدر حسنین عباس زیدی، چیئرمین خدمت عوام ویلفیئرآرگنائزیشن زاہد رحیم ، قاری محمدادریس قاضی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

عید ملن پارٹی میں ملک محمداسلم سکھر والے،واحدعلی خان،ارشدبابا، فاروق قریشی،ریاض مہر، رفیق قادری، نسیم حیدرآبادی، معین قریشی، فاروق باباقلندری،اسحاق قریشی، جمیل عباس نورانی، شبیر شاہ، ریحان شیخ، عطاء اللہ قاسمی، شکیل مغل،یاسمین خان ودیگر نے بھی شرکت کی۔مہمان خصوصی ڈاکٹرسلیم حیدر نے اپنے خطاب میں کہاکہ صوبے چھوٹے ہوں گے تو وفاق مضبوط ہوگا، موجودہ صورتحال میں صوبے اتنے خودسرہوگئے ہیں کہ وفاق کو اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کرانے کے لئے ان کے آگے جھکناپڑتاہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں صوبے ایک آرڈیننس کے ذریعے بن سکتے ہیں اس کے لئے اسمبلیوں سے بل پاس کرانے کی ضرورت نہیں ہے،کیونکہ ایوب خان نے ایک آرڈیننس کے ذریعے صوبے ختم کرکے دویونٹ بنائے تھے اور آرڈیننس کے ذریعے ہی یونٹ کو ختم کرکے صوبے بحال کئے گئے تھے،حال ہی میں کشمیر سے کاٹ کر گلگت بلتستان کو بھی صدارتی آرڈیننس کے ذریعے صوبہ بنایاگیاہے تو پاکستان میں مزید صوبے آرڈیننس کے ذریعے کیوں نہیں بنائے جاسکتے ، قوم یادرکھے ،صوبے بنیں گے تو ان کے مسائل حل ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہماراصوبہ بھی ضرور بنے گاجس کی جدوجہد عرصہ درازسے کررہے ہیں۔ صدرتقریب محمدسلیم خاں قادری ترابی نے کہاکہ بانیان پاکستان کی اولادوں کو دیوارسے لگانے کا عمل جاری ہے، کراچی کے حقیقی وارثوں سے جینے کا حق چھیننے کی سازشیں آج بھی جاری ہیں، پاکستان بنانے والوں کو پاکستان بنانے کی سزادی جارہی ہے، لیکن زیادتیوں کا یہ سلسلہ اب زیادہ دیر نہیں چل سکتا،قوم میں شعور اجاگر ہورہاہے، نوجوان طبقہ بیدارہورہاہے وہ دن دورنہیں جب ملک پر ملک بنانے والوں کی اولادوں کا راج ہوگا۔

میزبان امام الدین شیخ نے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے اعلان کیاکہ انسانیت کی فلاح وبہبودکے لئے کام کرنے والی بہترین کارکردگی کی حامل ایک NGO'کو ہرسال عبداستارایدھی ایوارڈ سے نوازیں گے۔

متعلقہ عنوان :