جکارتہ میں سیمینارکے شرکاء کا انڈونیشیا کی حکومت، حریت فکر کے داعیوں اوربین الاقوامی برادری سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا مطالبہ

جمعرات 28 جولائی 2016 15:13

جکارتہ ۔ 28 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 جولائی۔2016ء) انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ایک سیمینارکے شرکاء نے انڈونیشیا کی حکومت، حریت فکر کے داعیوں اوربین الاقوامی برادری سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا مطالبہ کیاہے جو گزشتہ 70سال سے بھارتی جارح افواج کے مظالم کا پامردی سے مقابلہ کررہے ہیں۔

سیمنیار کا انعقاد کشمیرسالیڈیریٹی فورم نے پاکستانی سفارت خانہ کے تعاون سے یوم سیاہ کی مناسبت سے کیا تھا۔سیمینارمیں انڈونیشیاء کے شہریوں کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کے اراکین اورانسانی حقوق کی تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔انڈونیشیا میں پاکستان کے سفیر محمد عاقل نعیم،ایوان نمائندگان کے رکن اشرف علی اورکشمیرسالیڈیریٹی فورم کے چئیرمین ڈاکٹرظاہرخان نے سیمینارسے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالیہ دنوں کے دوران شہید برہان وانی اوردیگرکشمیریوں کی شہادت سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیل سے روشنی ڈالی اورکہاکہ ا نڈونیشیا کی حکومت، حریت فکر کے داعیوں اوربین الاقوامی برادری کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرنی چاہئیے۔اس موقع پر شہداء کشمیر کے ایصال ثواب اوردرجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی گئی۔