رینجرز کے قیام اور اختیارات کا معاملہ حل ہوگیا ہے ‘ نامزد وزیر اعلیٰ

ہمارا وزیراعلیٰ سندھ کی خدمت کرے گا، پیپلزپارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ‘ خورشید شاہ

جمعرات 28 جولائی 2016 14:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء) نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں رینجرز کے قیام اور اختیارات کا معاملہ حل ہوگیا ہے ‘پیپلزپارٹی کے سابق صوبائی وزیر گیان چند کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں پیپلزپارٹی کے اراکین سندھ اسمبلی سمیت دیگر رہنماوٴں نے شرکت کی جب کہ عشایئے میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

عشائیے کے موقع پر میڈیا سے مختصر بات کرتے ہوئے نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پالیسی بیان دوں گا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اراکین کے ناموں کا اعلان بھی سندھ اسمبلی میں ہی کروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سندھ میں رینجرز کے قیام اور اختیارات کا معاملہ حل ہوگیا ہے۔اس موقع پر خورشید شاہ نے بھی میڈیا سے مختصر بات کی جس میں انہوں نے کہاکہ ہمارا وزیراعلیٰ سندھ کی خدمت کرے گا، پیپلزپارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، عوام کی خدمت کرنے کے لیے ایک شاہ اور آیا ہے جو ان کی خدمت کرے گا۔