وفاقی دارالحکومت میں خود کش حملوں کا خطرہ

دہشتگرد شاپنگ سنٹر اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنا سکتے ہیں، ذرائع

جمعرات 28 جولائی 2016 13:16

وفاقی دارالحکومت میں خود کش حملوں کا خطرہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 جولائی۔2016ء) وفاقی دارالحکومت میں خود کش حملوں کی اطلاعات ملنے کے بعد اہم پبلک مقامات پر سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے ، دہشتگرد شاپنگ سنٹر اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنا سکتے ہیں ۔ وفاقی پولیس نے سینٹورس مال سمیت تمام اہم شاپنگ سنٹر کی سکیورٹی میں تین گنا اضافہ کردیا ہے ۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں کو ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن کے مطابق خود کش حملہ آور پبلک مقامات پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ان میں سب سے زیادہ حساس سینٹورس شاپنگ سنٹر کو قرار دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی پولیس نے ایک ایس پی آفیسر کی سربراہی میں ساٹھ کے قریب اہلکار اور افسران وہاں تعینات کردیئے ہیں اس شاپنگ مال کی تین شفٹوں میں سکیورٹی کیلئے ایک ایس پی کے ساتھ ایک ڈی ایس پی ، ایک انسپکٹر دس اے ایس آئی اور سب انسپکٹر جبکہ 45پولیس کے جوان تعینات کئے گئے ہیں اس کے علاوہ سپیشل برانچ کے اہلکار بھی سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور کردیئے گئے ہیں اور رینجرز کے دستے بھی ڈیوٹی دینگے وفاقی پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے آن لائن کو بتایا ہے کہ موصولہ اطلاعات کے مطابق تین سے چار دہشتگرد دہشتگردی کرسکتے ہیں اور ان کا زیادہ تر ٹارگٹ پبلک مقامات ہیں اس لئے سب سے زیادہ ڈیوٹی شاپنگ مال اور تفریحی پارکس میں لگائی گئی ہیں اور پولیس کا گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے جبکہ آئی جی اسلام آباد خود تمام سکیورٹی اقدامات کو چیک کررہے ہیں اس لئے میں عوام سے بھی کہا گیا ہے کہ اپنے اردگرد نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص یا کسی مشکوک چیز کو دیکھتے ہیں تو پولیس کو اطلاع کریں مزید یہ کہ پولیس ناکوں پر چیکنگ میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے گو کہ اس سے عوام کو تکلیف اٹھانی پڑتی ہے لیکن سکیورٹی کیلئے یہ بہت ضروری ہے