پاکستان بھارت سے حریت رہنماﺅں کی جلد رہائی کا مطالبہ کرتا ہے ، ذوالفقار کی رہائی کے لیے ہر ممکن مدد کریں گے ، رحم کی اپیل میں دیر ہوئی لیکن مایوسی کی کوئی بات نہیں ہے۔ اسلامی دنیا میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے لوگوں سے ہمدردی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کی میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 28 جولائی 2016 12:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28 جولائی 2016ء) :ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ گذشتہ دو ہفتے میںبہت سے واقعات ہوئے۔ مشرق وسطیٰ میں مسلسل دہشتگردی میں بڑی تعداد میں بے گناہ لوگ شہید ہوئے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی پُر زور مذمت کرتے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن کے استعمال سے بہت سے لوگوں نے اپنی بینائی کھو دی۔ بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر ڈھائے جانے والے مظالم پر سخت تشویش ہے ۔

میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ بھارت کو کشمیر میں اپنے مظالم بند کرنے چاہئیں۔ ہم کشمیر کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھا رہے ہیں اور آئندہ بھی اٹھاتے رہیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں غیر جانبدار اور مصفانہ رائے شماری کروائے ۔

(جاری ہے)

پاکستان نے بھارت سے حریت رہنماﺅں کی جلد رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کشمیر اور افغانستان سمیت دنیا بھر کے اسلامی ممالک میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے لوگوں سے ہمدردی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ذوالفقار2004سے انڈونیشیا میں قید ہے ، ذوالفقار کے معاملے پر انڈونیشیائی حکومت سے رابطے میں ہیں، انڈونیشیا کے وزیر خارجہ نے یقین دہانی کروائی کہ وہ ذوالفقار کے معاملے پر قیادت سے بات کریں گے۔

انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ذوالفقار کی بازیابی کے لیے ہر ممکن مدد کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ذوالفقار کا مقدمہ دوبارہ اوپن ہو سکے، ذوالفقار کو لوئر کورٹ نے سزا سنائی،حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ ذوالفقار کے کیس میں ا نصاف کے تقاضے پورے کرے۔ ذوالفقار کی رحم کی اپیل میں دیر ہوئی لیکن مایوسی کی کوئی بات نہیں۔

ذوالفقار کے معاملے پر او آئی سی ، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کمیشن کے سربراہوں کو خطوط لکھے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں کی تنخواہ کے معاملے پر سعودی حکام سے رابطے میں ہیں۔پاکستانی سفارتخانہ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کو میڈیکل کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی وزیر خارجہ سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔